پنگریو/بدین (نامہ نگاران) پنگریو اورزیریں سندھ کے دیگرسیکڑوں قصبوں۔شہروں اور دیہاتوں میںچلنے والے مٹی کے زبردست طوفان نے تباہی مچادی اوران علاقوں میں معمولات زندگی درہم برہم کردیئے پنگریو. نندو. کھوسکی. شادی لارج. ٹنڈوباگو. جھڈو. نوکوٹ. ڈیئی. کڈھن لواری شریف. ونگو. کلوئی. ملکانی شریف تلہار. راجوخانانی اورزیریں سندھ کے دیگرعلاقوں میں دن بھر گردوغبارکے ساتھ تیزرفتار ہوائیں چلتی رہیں جس کی وجہ سے آسمان مٹی کے بادلوں سے ڈھکا رہا گرد آلود طوفانی ہوائیں چلنے کے باعث بجلی اورمواصلات کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا اور تاریں ٹوٹنے. فیڈر ٹرپ کر جانے کے باعث زیریں سندھ کے درجنوں گرڈ اسٹیشنوں سے دیہاتی علاقوں کو بجلی کی سپلائی معطل رہی گرد وغبار کے طوفان کے باعث آشوب چشم کے مریضوں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ تیزطوفانی ہواؤں کے باعث سائن بورڈز ہورڈنگز۔ چھپرے کچے گھروں اور پولٹری فارمزکی چھتیں گرنے کے واقعات بھی پیش آئے جس کی وجہ سے مرغیوں اورچوزوں کی ہلاکتیں ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں مٹی کے انتہائی تیزطوفان کے باعث آموں کے باغات کوشدید نقصان پہنچا ہے اور بڑی تعداد میں آم گرے ہیں جس کی وجہ سے باغبان اور ٹھیکیدار پریشان ہیں جبکہ چیکو۔ فالسے۔ لیموں کے باغات کو بھی نقصان پہنچا ہے مٹی کی تہہ جم جانے کے باعث کاشتکاروں کی بچی کھچی زرعی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں ضلع بدین کے ساحلی علاقوں میں مٹی کے تیزترین طوفان نے لوگوں کوگھروں تک محدود کردیا ہے شہری علاقوں میں ہوٹلوں اورکھانے پینے کی دیگر اشیاء کی دکانوں پر دکانداروں اورہوٹل مالکان نے مٹی سے اٹی اشیاء اور کھانا وغیرہ گاہکوں کو دیا جبکہ دمے۔ ڈسٹ الرجی کے مریضوں کو شدید پریشانی اورتکلیف کا سامنا کرنا پڑا شہروں میں کاروباری اور تجارتی مارکیٹیں بھی گاہکوں سے خالی نظرآئیں جبکہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ بھی معمول سے کم چلتی دکھائی دی۔