ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 ہزار 256 کرونا ٹیسٹ کئے گئے‘ 50 مثبت آئے‘ شرح 0.33 فیصد رہی‘ قومی ادارہ صحت

May 30, 2022


اسلام آباد‘ لاس اینجلس‘ بیجنگ (خبر نگار+ شنہوا) ملک میں کرونا کے 76 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ عالمی سطح پر وائرس کے مصدقہ کیسز کے لحاظ سے امریکہ سرفہرست ہے۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر بھی کرونا کا شکار ہو گئے ہیں۔ تفصیل کے مطابق قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 14 ہزار 256 کرونا ٹیسٹ کئے گئے۔ جن میں سے 50 افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا اس طرح مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح 0.33فیصد رہی اور کوئی مریض کرونا وائرس کی وجہ سے جاںبحق نہیں ہوا۔ جبکہ قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق 76مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس سے شدید متاثرہ ملکوں میں مصدقہ کیسز کے حوالے سے جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے سسٹمز سائنس وانجینئرنگ مرکز نے تازہ ترین اعدادوشمار جاری کئے ہیں۔ دنیا بھرمیں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 52 کروڑ87 لاکھ 22 ہزار 293 ہوگئی۔ امریکہ 8 کروڑ 39 لاکھ 80 ہزار356 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے۔ جبکہ بھارت 4 کروڑ31 لاکھ 53 ہزار43 مصدقہ کیسز کے ساتھ دوسرے اور برازیل 3 کروڑ 9 لاکھ  45 ہزار 384 مصدقہ کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔  امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوز اوم کا نوول کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے‘ وہ کم سے کم ٹیسٹ منفی نہ آنے تک 2 جون تک قرنطینہ میں رہیں گے۔ نیوز اوم نے ٹوئٹر پر بتایا کہ احتیاطی تدابیر کے تحت قرنطینہ میں رہتے ہوئے کام جاری رکھیں گے۔ بیان کے مطابق انہیں ویکسین اور دو بوسٹر خوراکیں لگائی جا چکی ہیں جس میں سے ایک حالیہ 18 مئی کو لگائی گئی تھی۔ حالیہ ہفتوں میں کیلفورنیا میں کووڈ 19 کے پھیلاؤ کی شرح بڑھ رہی ہے جہاں 4 کروڑ سے زائد رہائش پذیر ہیں۔ کیلیفورنیا کے محکمہ صحت عامہ کے مطابق جمعہ تک ریاست میں کووڈ 19 کے مجموعی 88 لاکھ 96 ہزار 174 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ وبا سے 90 ہزار 612 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

مزیدخبریں