بحریہ ٹائون کراچی، ڈینزو میں زرافے کی پیدائش، ویٹرنری ٹیم کی بڑی کامیابی


لاہور(بزنس رپورٹر)بحریہ ٹاؤن کراچی ڈینزو میںزرافے کی پیدائش پاکستان میں کسی بھی جنوبی زرافے کی پیدائش کا پہلا موقع ہے۔ ڈینزوکے عملہ نے زرافے کا نام ایلکس رکھا ہے ۔ زرافے کی اس پیدائش کو دو ہفتے ہونے کو آئے لیکن تاحال ڈینزو کی انتظامیہ اور ویٹرنری ٹیم کو ملک بھر سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ مختلف یونیورسٹیوں اور چڑیا گھروں کے ویٹرنری اور تولیدی شعبوں نے ڈینزو کی ٹیم کی کامیابی اور تجربے سے سیکھنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔اس موقع پر ڈینزوکے سربراہ کرنل (ر) شاہدبشیر نے کہاکہ’’ہمارے لئے ڈینزومیں ہونے والی ہر پیدائش نہ صرف دلچسپ بلکہ ایک اہم تجربہ بھی ہوتی ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اب ہمارے پاس زرافہ کا ایک بچہ ہے جواس غیرمحفوظ نوع کی نمائندگی کرے گا۔’’ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بحریہ ٹاؤن کراچی نے ڈینزو کو بہترین اور مکمل تربیت یافتہ ویٹرنری ٹیم اور نگہبانوںکی نگرانی میں دیا ہے جو جانوروں کی زو میں صاف ماحول، سپلیمنٹس، غذا اور دیکھ بھال کے بہترین انتظام کو یقینی بنا رہے ہیں۔’’پاکستان میں آخری بارکسی بھی زرافے کی پیدائش 1966ء میں ہوئی تھی جس کا تعلق ریٹیکولیٹڈ نسل سے تھا۔جنوبی زرافے جنوبی افریقہ، انگولا، نمیبیا، بوٹسوانا، زیمبیا، زمبابوے اور موزمبیق کے مقامی ہیں۔ یہ جانور عمومی طور پر17 فٹ کی اونچائی اور 2,700 پاؤنڈ وزن تک پہنچ سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن