لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے نواز شریف کی بطور صدر مسلم لیگ (ن) بحالی کی درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے درخواست واپس کردی۔ لاہور کے مقامی وکیل آفاق احمد ایڈووکیٹ کی دائر درخواست پر ہائیکورٹ رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا لاہور ہائیکورٹ سماعت نہیں کر سکتی۔ درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید، الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت اور وزیراعظم پاکستان کو فریق بنایا گیا تھا۔ موقف اختیار کیا تھا کہ 2017 میں نواز شریف کو قومی اسمبلی سے نااہل قرار دیا گیا، عمران خان اور شیخ رشید نے نواز شریف کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کی درخواست دائر کی تھی۔ 2018 میں سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا حکم دیا، جبکہ الیکشن کمیشن نے این اے 95 میانوالی سے عمران خان کو نااہل قرار دے دیا ہے مگر چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی سربراہی سے نہیں ہٹایا گیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نواز شریف کو پارٹی صدارت پر بحال کرنے کا حکم جاری کرے۔
نواز شریف کی بطور صدر مسلم لیگ ن بحالی کیلئے درخواست ہائیکورٹ نے اعتراض لگا کر واپس کردی
May 30, 2023