اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)برطانوی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف پاکستان کے پانچ روزہ دورے پر پہنچ گئے ۔ تفصیلا ت کے مطا بق برطانوی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل سر پیٹرک سینڈرز کے سی بی، سی بی ای، ڈی ایس او، اے ڈی سی(جنرل) گزشتہ روزپانچ روزہ دورے پر پاکستان پہنچے۔ یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان طویل عرصے سے موجود دفاعی معاہدے کے تحت ہو رہا ہے۔جنرل سر پیٹرک سینڈرز، چیف آف آرمی سٹاف پاکستان جنرل عاصم منیر کے ساتھ ملاقات کے علاوہ، دفاعی امور سے متعلق دیگر ملاقاتوں اور سرگرمیوں میں بھی شریک ہوں گے۔ مشترکہ تاریخ اور برطانیہ میں مقیم تاریکین وطن کی بنیاد پر قائم پاک-برطانیہ دفاعی تعلقات اور دوستی کی گرم جوشی اور وسعت برطانیہ کے لیے خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔ پاکستانی افسران برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ، ایڈوانسڈ کمانڈ اینڈ سٹاف کورس اور رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز میں تربیت حاصل کرتے ہیں۔ جنرل سر پیٹرک سینڈرز پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے قریب ایک برس بعد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس سیلاب کے نتیجے میں ملک کا ایک تہائی علاقہ زیرآب آگیا تھا اور تین کروڑ تیس لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے تھے۔ برطانوی وزارت دفاع نے امدادی کارروائیوں میں معاونت کی تھی، اور آرمی چیف پاکستان کی درخواست پر آٹھ کشتیاں اور دس پورٹیبل جنریٹر فراہم کیے تھے۔ دورے کے دوران ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کے لیے دفاعی تعاون پر بھی غور کیا جائے گا۔