اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی کل 31 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممکنہ پیشی کیلئے سکیورٹی اقدامات کا سرکلر جاری کر دیا۔ رجسٹرارآفس سے جاری سرکلرمیں وفاقی دارالحکومت کے آئی جی اور ضلع انتظامیہ کو سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ عمران خان کی ایک کیس میں عبوری ضمانت کی سماعت 31 مئی دن دو بجے ہو گی۔ دوسرے کیسز میں عمران خان کی عبوری ضمانت پر سماعت 31 مئی دن 2:30 بجے ہو گی۔ کورٹ روم نمبر 3 میں وکلاء اور صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہو گا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملازمین، عدالتی عملہ خصوصی پاس سے مستثنیٰ ہونگے، سرکلر کے مطابق عمران خان کے ساتھ 15 وکلاء کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 10 وکلاء ، اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے 30 ممبران کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہو گی۔ سرکلر میں انتظامیہ کو خصوصی پاس اور ڈیپارٹمنٹ کارڈ ہونے والوں کو احاطہ عدالت سے نہ روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے یہ بھی کہا گیا ہے کہ خصوصی پاسز رکھنے والے افراد کو کمرہ عدالت نمبر ایک میں جانے کی اجازت ہو گی۔