اسلام باد (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) نیب ترمیمی بل 2023 باقاعدہ قانون بن گیا، صدر نے بل پر دوسری بار بھی دستخط سے انکار کر دیا تھا، دس دن بعد بل خود قانون بن کر نافذ العمل ہو گیا۔ پندرہ مئی کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ترمیمی بل پاس ہوا تھا، نئے قانون کے تحت نیب چیئرمین دائرہ اختیار میں نہ آنے والے کیسز متعلقہ اداروں کو بھجوا سکے گا، چیئرمین نیب ٹھوس شواہد نہ ہونے پر انکوائری بند کر سکے گا۔ نئے قانون کے مطابق چئیرمن نیب احتساب عدالت کو کسی بھی کیس کے حوالے سے اپنے موقف سے آگاہ کرے گا، چیئرمین کی عدم موجودگی میں ڈپٹی چیئرمین قائم مقام چیئرمین ہو گا، ڈپٹی چیئرمین نہ ہونے پر وفاقی حکومت کسی بھی سینئر نیب افسر کو قائم مقام چیئرمین مقرر کر سکے گی۔