ترین، علیم ملاقات، دو سے تین روز میں نئی پارٹی بنانے کا اعلان متوقع

May 30, 2023

لاہور (نیوز رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماؤں جہانگیر ترین اور علیم خان کی ملاقات لاہور میں ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ دو سے تین روز میں نئی سیاسی پارٹی کا اعلان کردیا جائے گا۔ علیم خان نے اپنی رہائش گاہ پر جہانگیر ترین اور ان کے ساتھیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ ظہرانے میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی موجودہ اور سابقہ شخصیات نے شرکت کی جبکہ وزیراعظم کے سیاسی مشیر عون چوہدری بھی ظہرانے میں شریک ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں نئی سیاسی جماعت بنانے سے متعلق مشاورت ہوئی۔ شرکاء نے تجویز دی کہ ہمیں کوئی پریشر گروپ بنانے کے بجائے نئی سیاسی پارٹی بنانی چاہئے۔ نئی سیاسی پارٹی بنانے سے عوام کے حقوق کا بہتر تحفظ کر سکیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ اگلے 72 گھنٹوں میں جہانگیر ترین اہم سیاسی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کریں گے۔ جہانگیر ترین اور علیم خان کی ملاقات کے بارے میں عون چودھری نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ سیاستدانوں میں آپس میں مشاورت ہوتی رہتی ہے۔ نئی پارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی  پارٹی کا نام مشاورت سے رکھا جائے گا۔ 9 مئی کو جو کچھ ہوا پی ٹی آئی کیلئے دفاع کرنا مشکل ہے۔ پنجاب سے بڑے نام ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔ چند روز میں نئی جماعت کے نام کا اعلان کر دیں گے۔ فواد چودھری‘ امین اسلم کا جہانگیر ترین سے اچھا تعلق ہے۔

مزیدخبریں