ملک شہزاد کے قافلے کو آگ لگانے کی تصویر جھوٹی، عوام کو گمراہ کرنے کا ذرامہ فلاپ: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے جھوٹ سے لوگوں کی ذہن سازی کر کے انہیں ملک دشمنی، دہشت گردی، شہداء اور غازیوں کی بے حرمتی سکھائی، عمران خان اپنے گھنائونے ناقابل معافی جرائم پر ان والدین سے معافی مانگیں جن کے بچوں کو گمراہ کر کے آزمائش میں ڈالا۔ عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں پی ٹی آئی کے کراچی سے رکن صوبائی اسمبلی ملک شہزاد اعوان کے بارے اپنے ٹویٹ میں ایک تصویر کا حوالہ دیا کہ پارٹی چھوڑنے سے انکار پر ملک شہزاد اعوان کے قافلے کو آگ لگا دی گئی، جس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ تصویر ایک سال پرانی نوشہرہ میں واقع آئل ڈپو میں لگنے والی آگ کی ہے۔ عمران خان نے 19 سال سے لوگوں کو جھوٹی، جعلی تصویروں اور مصنوعی بیانیے سے ذہن سازی کر کے بے وقوف بنایا، مریم اورنگزیب نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی مجروح انا کی تسکین کے لئے آرام سے دو جھنڈوں کے درمیان بیٹھ کر رات کو کامیڈی شو لگایا کریں، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان ان شہداء اور غازیوں کے خاندانوں سے معافی مانگیں جن کے دل انہوں نے زخمی کئے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ "مرد روبوٹ نہیں ہوتے" کہنے والا اور لباس کی وجہ سے خواتین اور کم سن بچیوں پر حملوں کی وکالت کرنے والا سند یافتہ جھوٹا 9 مئی کے سانحے پر عوامی ردعمل پر مظلوم بننے کا نیا جھوٹ گھڑ رہا ہے۔ ایک ٹویٹ میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ وہی شخص ہے جس نے انصاف کی متلاشی طیبہ گل کو اغوا کیا۔ وزیراعظم ہاؤس میں حبس بے جا میں رکھا، اس کے دیئے ثبوت پر چئیرمن نیب کو بلیک میل کر کے سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھا۔ خواتین صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی اور بدسلوکی کی انتہا کی، ان کے بارے میں کہاکہ انہیں "مردوں میں گھسنے کا شوق ہے"۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں اور دنیا کو گمراہ کرنے کا یہ اوچھا ہتھکنڈہ بھی سائیفر اور دیگر ڈراموں کی طرح فلاپ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈا نہ کرو، ثبوت دو، ورنہ زبان بند کرو۔ یہ بڑا سنگین الزام ہے جسے ہم کسی صورت برداشت کر سکتے ہیں نہ کریں گے۔ یہ پی ٹی آئی کا بلیک میلنگ اور بے حسی کا دور نہیں۔ ٹھوس ثبوت کے بغیر ایسا سنگین الزام صرف آپ جیسا 'میڈیا پریڈیٹر' ہی لگا سکتا ہے جو ہر روز جھوٹ بولتا اور جعلی ویڈیوز اور فوٹوز جاری کرتا پکڑا جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن