وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کی غیر علانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ شہباز شریف کی زیر صدارت لوڈشیڈنگ اور بجلی چوری روکنے کے امور پر اجلاس میں وزیراعظم نے غیر علانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نقصان میں چلنے والے فیڈرز پر بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ صرف خسارے میں چلنے والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی چوری کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، بجلی چوری کے خلاف مشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ذاتی طور بجلی چوری کی روک تھام پر پیشرفت کا ماہانہ جائزہ لوں گا، صوبائی حکومتیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد بجلی چوری مہم میں معاونت کریں، بجلی چوری کے خلاف تمام حکومتی ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں، بجلی کی اوور بلنگ قطعی طور پر نہیں ہونی چاہیے۔ اس وقت ملک بھر میں بیہنگم لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس سے صنعت و کاروبار ہی متاثر نہیں ہورہا عوام بھی مضطرب ہیں جن پر بجلی بلوں کا ناروا بوجھ بھی پڑا ہوا ہے۔ حکومت ان مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائے۔ اس سلسلے میں حکومت کو ان چینی کمپنیوں کے لیے سہولت پیدا کرنی چاہیے جو توانائی کے شعبے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔ امید ہے کہ ان کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی جس سے ایک طرف گھریلو صارفین کے لیے سہولت پیدا ہوگی تو دوسری جانب صنعتوں کی توانائی کی ضرورت پوری ہونے سے معیشت کو بھی سہارا ملے گا اور پاکستان کے معاشی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔