کراچی(این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے بھائی میر مرتضی بھٹو قتل کیس کی سماعت پر 20اگست کو تمام ملزمان کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے بھائی میر مرتضی بھٹو قتل کیس کی اپیل پر سماعت ہوئی۔سماعت سرکار اور مرتضی بھٹو کے ملازم نور محمد کی جانب سے درج مقدمات میں ملزمان کی بریت کے خلاف ہوئی۔سرکاری وکیل نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ سابق ڈی آئی جی شعیب سڈل فیض آباد دھرنا کمیشن کے سربراہ ہیں۔شعیب سڈل کو سپریم کورٹ کے حکم پر فیض آباد دھرنے کی تحقیقات سپرد کی گئی ہیں۔شعیب سڈل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔سرکاری وکیل نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ سابق ڈی آئی جی واجد درانی بھی وہیل چیئر پر ہیں بیمار ہیں ۔وہیل چیئر پر پیش نہیں ہوسکتے۔عدالت نے شعیب سڈل اور واجد درانی کی ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ مرتضی بھٹو کیس کی اپیلیں طویل عرصے سے التوا کا شکار ہیں۔آئندہ سماعت پر اپیلوں کی ہر ممکن سماعت مکمل کی جائے گی۔وکلا نے بتایا کہ کیس میں متعدد ملزمان انتقال کر چکے ہیں۔شاہد حیات،شبیر احمد قائمخانی،آغا محمد جمیل اور مسعود شریف کا انتقال ہوچکا ہے ۔مرتضی بھٹو کو 20 ستمبر 1996 میں دو تلوار کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں قتل کردیا گیا تھا۔عدالت نے ملزم ذاکر سمیت دیگر ملزمان کی میڈیکل رپورٹس طلب کرلیں۔عدالت نے 20 اگست کو شعیب سڈل،واجد درانی اور دیگر ملزمان کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ۔