ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) گندم خریداری کیلئے باردانہ کی تقسیم میں مبینہ کرپشن اور بد عنوانی، ایف آئی اے نے پاسکو کے 2افسروں کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے کی ٹیم نے پاسکو سنٹر نواں لاہور کے اسسٹنٹ پرچیز انسپکٹر امیر علی انچارج پاسکو، اسسٹنٹ پرچیز انسپکٹر پاسکو حافظ نعمان ثاقب سے گندم خریداری کیلئے جاری کئے گئے باردانہ کا ریکارڈ طلب کیا۔ ریکارڈ کی چھان بین کے دوران مذکورہ ملازمین کے بیانات میں تضاد کے باعث مکمل تحقیقات میں سامنے آیا کہ پاسکو ٹوبہ ٹیک سنگھ کے زونل ہیڈ خورشید عالم نیازی اور پروجیکٹ مینجر عارف ثاقب کے کہنے کے مطابق 16ہزار 850تھیلے منظور نظر فلور ملز اور بااثر شخصیات میں تقسیم کئے گئے اور ان کے ریکارڈ میں رد و بدل کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق 16ہزار سے زائد تھیلے جن میں تقسیم کئے گئے ان میں بابر فلو ر ملز ٹوبہ ٹیک سنگھ کو 2ہزار بیگزباردانہ، شفقت محمود ولد فقیر محمد سکنہ خانقاہ ڈوگراں کو 4ہزار بیگز باردانہ، ملک احمد سکنہ 4ہزار بیگز باردانہ، رانا منظور سکنہ جھنگ کو 3ہزار بیگز باردانہ، ملک اظہر سکنہ جھنگ کو 1850بیگز باردانہ اور مزمل سکنہ چنیوٹ کو 2ہزار بیگز باردانہ بغیر ریکارڈ دیا گیا۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ: گندم خریداری کیلئے باردانہ کی تقسیم میں مبینہ کرپشن‘ 2 پاسکو افسر گرفتار
May 30, 2024