لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں 266 ملزموں کا ٹرائل، سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ اعجاز چوہدری نے شوکت خانم سے بلڈ ٹیسٹ کی درخواست دائر کی۔ عدالت نے شوکت خانم کی میڈیکل ٹیم کو عدالت میں طلب کر لیا، شوکت خانم کی ٹیم نے کمرہ عدالت میں اعجاز چوہدری کے خون کے نمونے حاصل کئے، عمر سرفراز چیمہ نے بھی علاج کی سہولت نہ ملنے پر درخواست دائر کی، عدالت نے جیل سپریڈنٹ سے سابق گورنر کا میڈیکل نہ کرانے پر جواب طلب کر لیا، عدالت نے قرار دیا کہ جناح ہاؤس حملہ کیس ٹرائل کی مزید کارروائی اب کوٹ لکھپت جیل میں ہوا کرے گی۔ آئندہ سماعت پر ملزموں کو چالان کی کاپیاں تقسیم کی جائیں۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے 9 مئی جلائو گھیرائو کے تین مقدمات میں عمر سرفراز چیمہ کی ضمانت کی درخواستوں پر پراسیکیوٹر سے یکم جون کو ریکارڈ اور دلائل طلب کر لئے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے مسلم لیگ نون کا آفس جلانے کے مقدمے میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست ضمانت پر سماعت یکم جون تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سپیشل پراسیکیوٹر سے دلائل طلب کر لئے۔
9 مئی‘ 266 ملزموں کا ٹرائل‘ عمر سرفراز‘ اعجاز چودھری‘ محمود الرشید عدالت پیش
May 30, 2024