اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرغزستان کے سفیر اولان بیگ کا کہنا ہے کہ بشکیک کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے اور پاکستانی طلبہ واپس کرغزستان جا سکتے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں اولان بیگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 13 مئی کی شام بشکیک کے ایک ہاسٹل میں مقامی اور غیرملکی طلبہ میں جھگڑا ہوا جس میں ملوث تمام افراد کو تھانے لے جایا گیا۔ اولان بیگ نے بتایا کہ فسادات کے بعد پولیس افسران سمیت چیف اور داخلی امور کے ڈائریکٹوریٹ کے 9 افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرغز حکومت نے پاکستانی حکومت سے رابطہ کرکے اپنا نمائندہ مقرر کرنے کا بھی کہا ہے جبکہ کرغز وزیر خارجہ نے پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات بھی کی ہے۔