میڈرڈ( نوائے وقت رپورٹ) سعودی عرب اور اردن نے غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ فوری طور پر بند کرنے اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے حصول کی خاطر فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا ہے۔ سپین کی جانب سے فلسطین کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کے بعد سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کرکہا ہے کہ میڈرڈ تاریخ کی درست سمت کھڑا ہے۔ بدھ کو میڈرڈ میں غزہ پر عرب اسلامی کمیٹی کی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ دو ریاستی حل کا وقت آ گیا ہے۔ دو ریاستی حل کے بغیر خطے میں دیر پا امن کا حصول ناممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "فلسطینی ریاست کا قیام ہی امن کا ضامن ہوسکتا ہے، اس کے سوا کوئی راستہ نہیں‘‘۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی ہونی چاہیے۔ سعودی وزیر خارجہ نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر سپین، ناروے، آئرلینڈ اور سلوینیا کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ انکا فیصلہ درست اور تاریخی ہے،۔