احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر، صرف یہ کہتے ہیں سب ادارے قانون کے مطابق کام کریں: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ کشمیری شاعر احمد فرہاد  کو کشمیر  میں گرفتار کیا گیا اور وہ کشمیر پولیس کی کسٹڈی میں ہیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کوہالہ پل کے بعد گرفتار کرکے دائرہ اختیار وہاں کا بنایا گیا ہے۔ کوئی کسی  کے خلاف نہیں ہے، چند لوگوں کی غلط روش کا نقصان پورے ادارے کو ہوتا ہے۔ کسی کی ایجنسیوں سے کوئی دشمنی نہیں ہے، ہم صرف یہ کہتے ہیں کہ قانون کے مطابق کام کریں۔ کچھ عدالتی سوالوں کے جواب آنا باقی ہیں۔ وزیر قانون نے کہا آپ پٹیشن نمٹا دیں وہ جواب کسی اور کیس میں آجائیں گے۔ ہمارے بچے، شہری اور سکیورٹی اہلکار شہید ہو رہے ہیں۔ چودہ چودہ سال کے بچے بم باندھ کر پھٹ رہے ہیں۔ پارلیمنٹ کو بھی اپنا رول ادا کرنا چاہیے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ ادارے قانون کے تحت کام کرنے کی عادت ڈالیں گے۔ عدالت کو کسی انڈر کور ایجنٹ کا کور بریک کرنے کی ضرورت نہیں ہے، ہر آفس کی ایک ورکنگ اور پراسیس ہوتا ہے، اگر انٹیلی جنس ایجنسیاں کسی کو اٹھاتی ہیں تو اس کا کیا پراسیس ہوتا ہے؟۔ اٹارنی جنرل نے گزشتہ سماعت پر وائٹ فلیگ لہرانے کی بات کی، میں سمجھتا ہوں  کہ اداروں کے درمیان کوئی لڑائی نہیں ہے۔ ہم نے کچھ سوالات اٹھائے تھے جن کے جواب آنا باقی ہیں، ہم نے بنیادی حقوق کے تحفظ کا حلف اٹھا رکھا ہے۔ وزیر قانون نے کہا ہم نے بھی حلف اٹھا رکھا ہے، ہماری نیت پر بھی شک نا کیا جائے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا اس بل میں ایک ہاؤس سے ترمیم کی سفارش آئی تھی، اگر ایسی صورتحال ہو تو جوائنٹ سیشن بلایا جاتا ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا میڈیا کے کردار کی وجہ سے لوگوں میں شعور آیا ہے، سوشل میڈیا پر بدقسمتی سے بہت کچھ چل رہا ہے، میں تو سوشل میڈیا نہیں دیکھتا اس لیے پرواہ نہیں، جو دیکھتا ہے اسے تکلیف ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں مظفر آباد پولیس نے مغوی شاعر احمد فرہاد کی ملاقات ان کے خاندان سے کرا دی۔ مغوی شاعر کے بھائی کے مطابق احمد فرہاد کی حالت ٹھیک ہے، اب ہم آزاد کشمیر میں بنائے گئے مقدمات ختم کرانے کیلئے قانونی جنگ لڑیں گے۔

ای پیپر دی نیشن