خسرہ سے بچوں کی ہلاکتیں، وزیراعلیٰ کا نوٹس، والدین کے پاس پہنچ گئے

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پتوکی اور کبیروالہ میں خسرہ سے بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا اور صوبائی وزراء  خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر کبیر والہ کے نواحی بنیادی مرکز صحت کورٹ حق نواز پہنچ گئے۔ صوبائی وزراء  نے خسرہ سے متاثرہ بچوں کے والدین سے آگاہی حاصل کی اور غفلت کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ مریم نوازشریف کی ہدایت پر خسرہ سے متاثرہ علاقوں میں کلینک آن ویل فیلڈ ہسپتالوں کی تعداد بھی بڑھادی گئی اور تحصیل ہیڈکوارٹر  ہسپتال میں خسرہ سے متاثرہ بچوں کے علاج کے لئے مخصوص وارڈ بھی قائم کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری ہیلتھ سے خسرہ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے اسباب کے بارے میں فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے محکمہ صحت کے حکام کو خسرہ کے مرض میں مبتلا بچوں کو بہترین علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مریم نوازشریف نے کہاکہ محکمہ صحت کی کوتاہی اور نااہلی کی وجہ سے معصوم جانیں ضائع ہوئیں۔ کوتاہی کی ذمہ داری کا تعین کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزانہ کی بنیاد پر خسرہ سمیت دیگر وبائی امراض کے کیسز کو مانیٹر کیا جائے اور متاثرہ بچوں کے علاج معالجہ میں کوئی غفلت نہ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے تمام مراکز صحت اور سرکاری ہسپتالوں میں خسرہ سمیت امراض کی ویکسی نیشن یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔وادی سون جنگلات میں خوفناک آتشزدگی پر وزیراعلیٰ  مریم نواز شریف نے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ  مریم نواز شریف اور  سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے آتشزدگی  کے دوران شہید چوکیدار سید غلام رضا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید چوکیدار نے اپنے فرائض کی ادائیگی میں جان قربان کی، سلام پیش کرتی ہوں۔

ای پیپر دی نیشن