لاہور (سیف اللہ سپرا) کلاسیکی موسیقی ہی اس علاقے کی اصل موسیقی ہے لیکن افسوس کہ اسے نظر انداز کیا جا رہا ہے اور غیر ملکی موسیقی کو پروموٹ کیا جا رہا ہے۔ اگر کلاسیکی موسیقی کو بچانے کے لےے اقدامات نہ کےے گئے تو اس علاقے کی اصل موسیقی ختم ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار معروف کلاسیکل گائیک استاد محمد اختر خان نے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پر کچھ عرصہ پہلے راگ رنگ کا پروگرام تھا جو کلاسیکی موسیقی پر مبنی تھا بند کر دیا گیا۔ ریڈیو پاکستان پر کلاسیکی موسیقی کے پروگرام ہوتے ہیں مگر وہ بہت تھوڑے ہیں، بم دھماکوں اور امن و امان کی حالت خراب ہونے کے باعث ملک میں تقریبات کا سلسلہ کم ہو گیا ہے۔ اس سے بھی کلاسیکی موسیقی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو، ٹی وی چینلز کلاسیکی موسیقی پر مبنی پروگرام پیش کرتے رہیں تو یہ میٹھی موسیقی بچائی جا سکتی ہے۔