کراچی: دہشت گردی کا منصوبہ ناکام‘ جند اللہ کے 5 کارکن گرفتار‘ فائرنگ سے2 افرادجاںبحق

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی پولیس نے محرم الحرام کے دوران دہشت گردی اور تخریب کاری کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا‘ بھاری تعداد میں دھماکہ خیز مواد ڈیٹونیٹر اور اسلحہ برآمد جبکہ کالعدم تنظیم جند اللہ کے پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا‘ پانچوں دہشت گرد پولیس پر حملہ، چہلم امام حسین کے موقع پر بم دھماکے اور کور کمانڈر کراچی کے قافلے پر حملے سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ جرائم کی تفصیلات ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر شیخ نے منگل کی دوپہر ایک پریس بریفنگ میں بتائی۔ ایڈیشنل آئی جی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے پانچ پستول‘ جیل کا نقشہ اور اہم شخصیات کے ناموں پر مبنی ایک ہٹ لسٹ برآمد کی گئی۔ این این آئی کے مطابق اہلسنت والجماعت سمیت مختلف جماعتوں نے یکم محرم کو نمائش کے واقعے میں پیپلز پارٹی کراچی کے صدر فیصل رضا عابدی کو شامل تفتیش کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انتباہ کیا ہے کہ اگر رات گئے تک ان کے گرفتار کارکن رہا نہ ہوئے‘ ا نتظامیہ نے جانبدارانہ رویہ ترک نہ کیا اور عشرہ فاروقؓ و حسینؓ کے بینرز کو دوبارہ آویزاں نہ کیا گیا تو بدھ سے شہر بھر میں احتجاجی مظاہرے جبکہ جمعہ کو نمائش چورنگی پر دھرنا دیا جائے گا۔ صحافی احسان کوہاٹی پر حملے‘ مسجد باب الرحمت پر حملے کی تحقیقات کروائی جائے۔ یہ اعلان اہلسنت والجماعت پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا اورنگزیب فاروقی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور بدامنی نہیں چاہتے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ڈی جی رینجرز سندھ اعجاز چودھری نے ملاقات کی جس میں ڈی جی رینجرز نے نمائش چورنگی پر ہونے والے ناخوشگوار واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ترجمان وزیر اعلیٰ ہاوس کے مطابق ملاقات میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ادھر کورنگی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے سب انسپکٹر علیم شاہ کو جاںبحق کر دیا۔ جبکہ ملیر سے ایک نوجوان کی ہاتھ پاﺅں بندھی لاش ملی جسے فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔ مواچھ گوٹھ میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے۔

ای پیپر دی نیشن