ایٹمی پروگرام پر قبضے کے لئے امریکہ کو جواز فراہم کیا جا رہا ہے: منور حسن

Nov 30, 2012

لکی مروت (ثناءنیوز) جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر قبضے کےلئے امریکہ کو جواز فراہم کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کے ذریعے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش تیار کی گئی ہے جسے ناکام بنانے کےلئے عوام کو میدان میں آنا ہو گا، مرکز اور صوبوں میں حکمران ٹولے نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے، عوام آئندہ عام انتخابات کو ایک بڑی تبدیلی اور انقلاب کا ذریعہ بنا دیں۔ شمالی وزیر ستان میں فوجی آپریشن کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح سپورٹس کمپلیکس بنوں میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ایک بڑے جلسہ سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر سراج الحق، صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان، صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان، جماعت اسلامی ضلع بنوں کے امیر مفتی صفت اللہ، لکی مروت کے ضلعی نائب امیر انور حیات خان، انعام اللہ خان اور جہانگیر نے بھی خطاب کیا۔ سید منور حسن نے کہا کہ امریکہ نے افغانستان سے 2014ءتک نکلنے کا اعلان کیا ہے لیکن دوسری طرف بھارت اور افغانستان سے امریکہ نے افغانستان میں اپنے فوجی اڈے اور عسکری موجودگی قائم رکھنے کا معاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ امریکہ سن لے اسے افغانستان میں شکست ہو چکی ہے، افغانستان افغانوں کا ہے اور انہیں ہی اپنے مستقبل کے فیصلے کرنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی آپریشن کسی بھی مسئلے کا حل نہیں بلوچستان میں پانچ فوجی آپریشن ہو چکے ہیں مگر حالات خراب سے خراب تر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے اور قبائلی علاقوں کے عوام کو فوجی آپریشنوں کی وجہ سے متعدد مرتبہ اپنے ہی گھر میں بے گھر ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابات کےلئے سب کے لئے قابل قبول نگران حکومت کا قیام فوری عمل میں لایا جائے تاکہ انتخابات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے پائے جانے والے شکوک و شبہات کا خاتمہ ہو۔ انتخابی فہرستوں میں غلطیاں دور کرنے کے لئے الیکشن کمشن تیزی سے اقدامات کرے۔ 

مزیدخبریں