وزیرآباد (نامہ نگار) ق لیگ کے مرکزی رہنما اور ڈپٹی وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ق لیگ نے اپنے دور حکومت میں صوبہ پنجاب کو مثالی بنانے کے لئے اربوں روپے کے عوامی فلاحی تعمیراتی منصوبے شروع کئے لیکن پنجاب کی موجودہ نااہل قیادت نے اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے صوبہ کو بدحال کر دیا۔ انتخابات کے ذریعے ہی جمہوری نظام کو مضبوط اور نئی قیادت کو سامنے لایا جاسکتا ہے۔ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اس لئے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ گوجرانوالہ ڈویژن کے کروڑوں لوگوں کو دل کے امراض میں جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہم نے دو ارب روپے کی لاگت سے وزیر آباد کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ شروع کیا مگر پنجاب کی نااہل قیادت نے تکمیل کے قریب پہنچے اس منصوبے کو التوا میں ڈال کر گوجرانوالہ ڈویژن کے ساتھ بددیانتی کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیراعظم کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کے اچانک دورہ کے دوران مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خالد محمود چیمہ، اسد علی انجینئر، علی اصغر چیمہ، محمد اشرف مہر، شہزاد منیر کھوکھر، ارشد مٹو، طاہر وزیر آبادی اور دیگر موجود تھے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم کارڈیالوجی کا منصوبہ گجرات میں بھی شروع کر سکتے تھے لیکن گوجرانوالہ ڈویژن کے عوام کی سہولت کیلئے اسے ڈویژن کے عین وسط وزیرآباد میں شروع کیا۔ ق لیگ پورے ملک سے انتخابی امیدوار کھڑا کرے گی۔ بعدازاں پرویزالٰہی نے ایڈمور پٹرول پمپ پر مسلم لیگی کارکنان سے ملاقات کی اور الیکشن کی بھرپور تیاری کرنے کی ہدایت کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے التوا کا شکار وزیر آباد کارڈیالوجی سنٹر کا دورہ کیا۔علاوہ ازیں گجرات میں ق لیگ کے ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ ق لیگ کو چھوڑنے والے آئندہ پچھتائیں گے، ضمنی انتخابات میں ہماری جماعت کے امیدوار ہی جیتیں گے۔ حالیہ ضمنی انتخابات کے اثرات جنرل الیکشن پر ہوں گے۔ میٹنگ سے ایم پی اے خالد اصغر گھرال، سعادت نواز جنالہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔