لاہور + اسلام آباد + کراچی (نیوز رپورٹر + وقائع نگار خصوصی + کامرس رپورٹر + نامہ نگاران) ملک بھر میں سی این جی کی ہڑتال گذشتہ روز بھی جاری رہی جبکہ اوگرا نے قیمتوں میں اضافے کا نیا فارمولا پیش کیا جسے سی این جی ایسوسی ایشن نے مسترد کیا جبکہ مشیر پٹرولیم نے بھی قیمتوں میں اضافے کا جواز بتانے کا کہہ کر سفارش کو مسترد کر دیا۔ لاہور میں گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت سی این جی سٹیشنز پیرکی صبح چھ بجے سے تین روز کے لئے بند کئے گئے تھے جنہیں جمعرات کی صبح چھ بجے کھلنا تھا لیکن سی این جی ایسوسی ایشن اور اوگرا کے درمیان قیمتوں کے تنازع کے باعث لاہور میں مالکان نے زیادہ تر سی این جی سٹیشن نہیں کھولے۔ ہڑتال کی وجہ سے لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، پتوکی اور شیخوپورہ کے صارفین چوتھے روز بھی گیس سے محروم رہے۔ دیپالپور سے نامہ نگار کے مطابق علاقے میں گیس نایاب ہو گئی، لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ لوگ گیس بھروانے کے لئے رات ایک بجے سے ہی سی این جی سٹیشنوں پر قطاروں میں کھڑے تھے۔ صرف چند مقامات پر سی این جی دستیاب تھی لیکن پریشر کم تھا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ر ہیں۔ صارفین نے کہا ہے کہ حکومت ان کے ساتھ ظلم کر رہی ہے۔ گیس نہ ملنے کی وجہ سے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی کم ہے جبکہ رکشا اور ٹیکسی ڈرائیور بھی منہ مانگے کرائے وصول کرتے رہے۔ ا±دھر اوگرا کی عوامی عدالت میں صارفین کی شکایات کے بعد سوئی سدرن گیس کمپنی نے کراچی میں سی این جی کی ہفتہ وار بندش چوبیس گھنٹے قبل ہی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ ترجمان اوگرا کے مطابق نیا فارمولہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق تیار کیا گیا۔ریجن ون میں 72 روپے 20 پیسے جبکہ ریجن ٹو میں 63 روپے 76 پیسے فی کلو مقرر کرنے کی تجویز دی گئی۔ ترجمان سی این جی ایسوسی ایشن پنجاب زون عرفان نوری نے کہا کہ سی این جی قیمتوں کا نیا فارمولا منظور نہیں۔ سی این جی سٹیشنز فی الحال بند رہیں گے۔ دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے سی این جی مالکان کی طرف سے سٹیشنز کھلوانے کیخلاف حکم امتناعی کی درخواست مسترد کر دی۔ پنجاب حکومت اور اوگرا سے جواب طلب کر لیا۔ سماعت کے دوران سوئی گیس کمپنی کے وکیل نے م¶قف اختیار کیا کہ سی این جی کے حوالے سے کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں جاری ہے لہٰذا کارروائی ملتوی کر دی جائے۔ ہائی کورٹ نے کیس پر کارروائی 17 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ ہائی کورٹ نے اوگرا اور پنجاب حکومت سے جواب طلب کر لیا۔ سی این جی سٹیشنز مالکان نے اوگرا کی طرف سے سٹیشنز کھلوانے کے خلاف حکم امتناعی کے لئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سی این جی مالکان کی جانب سے ان کے وکیل نے مزید کہا کہ اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کرنا ان کا آئینی حق ہے۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے سندھ اور کراچی میں ہڑتال کے خاتمہ کا اعلان کر دیا۔ ادھر سندھ ہائیکورٹ میں بھی سی این جی کی بندش کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی ہے، نئے فارمولے کو مسترد کرنے کے حوالے سے غیاث پراچہ نے کہا کہ فارمولے میں عوامی سماعت اور مشاورت کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ سی این جی ایسوسی ایشن سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ہڑتال کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور میں سی این جی مالکان کے گٹھ جوڑ کے باعث سی این جی پمپس پر گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگی رہیں، شہری صبح سے رات تک سی این جی کے حصول کے لئے مختلف پمپس پر چکر لگاتے رہے۔ دریں اثناءاوگرا کی سفارش کردہ قیمتوں پر ڈاکٹر عاصم کا کہنا ہے کہ یہ قیمتیں قابل قبول نہیں جب تک اوگرا ان کا جواز نہیں بتاتا بغیر جواز کے یہ قیمتیں کیسے قبول کر لیں۔
سی این جی کی قیمتیں‘ اوگرا کا نیا فارمولا سٹیشن مالکان اور مشیر پٹرولیم نے مسترد کر دیا
Nov 30, 2012