پریذیڈنٹ ٹرافی: زرعی ترقیاتی بینک نے یو بی ایل کو ہرا دیا‘ فائنل ایک ماہ بعد کرانے کا فیصلہ

Nov 30, 2012

اسلام آباد +لاہور (اے پی پی+سپورٹس رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی کے آخری مرحلے میں زیڈ ٹی بی ایل نے یونائیٹڈ بینک کو اننگز اور 256 رنز سے ہرا دیا۔ یونائیٹڈ بینک کی ٹیم زیڈ ٹی بی ایل کی پہلی اننگز 643 رنز کے جواب میں اپنی دونوں اننگز میں 387 رنز بنا سکی۔ زوہیب خان نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ حبیب بینک لمیٹڈ اور پورٹ قاسم اتھارٹی، پی آئی اے اور واپڈا کی ٹیموں کے درمیان میچ ڈرا ہو گیا۔ حبیب بینک کی ٹیم پورٹ قاسم اتھارٹی کی پہلی اننگز 675 رنز کے جواب میں آخری روز کھیل ختم ہونے تک دو وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنا سکی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان اور سوئی نادرن گیس پائپ لائن کی ٹیموں کے درمیان میچ ڈرا ہو گیا۔ بارش کی وجہ سے آخری روز کا کھیل ممکن نہ ہو سکا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پریذیڈنٹ کپ گریڈ ون ٹورنامنٹ کا فائنل ایک ماہ بعد کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ حبیب بنک اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کمپنی کی ٹیموں نے ٹورنامنٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر رکھا ہے تاہم ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کی تاریخوں اور وینو کو حتمی شکل دینے میں ناکام ہیں۔ ٹورنامنٹ 23 سے 27 دسمبر تک کھیلے جانے کا امکان ہے۔ قومی ٹی ٹونٹی کپ کے بعد پاکستان ٹیم کا تربیتی کیمپ شروع ہو گا تاہم 22 دسمبر کو قومی ٹیم کی بھارت روانگی کے بعد پریذیڈنٹ کپ کا فائنل 23 دسمبر کو کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ 

مزیدخبریں