اسلام آباد (اے پی پی+ آئی این پی) پیپلز پارٹی کے سینٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف پی ٹی آئی کا دھرنا پولیٹیکل پوائنٹ سکورنگ ہے، ملک اس وقت جن حالات سے گزر رہا ہے، اسکا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں پوائنٹ سکورنگ سے بالاتر ہوکر مثبت لائحہ عمل مرتب کریں۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ ماضی کی طرح ایوان سے متفقہ قرارداد منظور کراکے تمام پارلیمانی جماعتوں کے نمائندوں پر مبنی قومی سلامتی کمیٹی ازسرنو تشکیل دی جائے جس میں ملک کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لے کر قومی سلامتی پالیسی مرتب کی جائے۔ پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق دور میں قومی سلامتی کمیٹی ایک اچھا ادارہ تھا جس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کی نمائندگی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے ماضی میں قومی سلامتی کے حوالے سے88 سفارشات حکومت کو پیش کیں۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ ایوان میں نئی قرارداد لاکر قومی سلامتی کمیٹی بحال کی جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری خوش آئند اور روٹین کا معاملہ ہے اسے زیادہ زیربحث نہیں لایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نئے آرمی چیف کی کوشش ہونی چاہئے کہ فوج آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کرے۔
نئے آرمی چیف کی کوشش ہونی چاہئے کہ فوج آئین کے مطابق کردار ادا کرے: رضا ربانی
Nov 30, 2013