میانوالی+ بھکر (نامہ نگار) پی پی 48 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق آزاد امیدوار انعام اللہ خان نیازی اور احمد نواز خان نوانی میں سخت مقابلہ ہوا اور انعام اللہ نیازی نے 47593 جبکہ احمد نواز نوانی نے 47013 ووٹ حاصل کئے اور پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار ملک نذر عباس کہاوڑ 13593 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ سابق ایم پی اے نجیب اللہ خان نیازی مرحوم کی وفات کے بعد خالی ہونے والے حلقہ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں نجیب اللہ خان نیازی کے بڑے بھائی انعام اللہ خان نیازی اور سابق ایم این رشید اکبرخان نوانی کے بھتیجے اور حمید اکبر خان نوانی کے بیٹے احمد نواز خان نوانی نے آزاد حیثیت سے حصہ لیا۔ حلقہ میں حساس قرار دئیے جانے والے 14پولنگ سٹیشنوں کے علاوہ دیگر پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ ایجنٹوں اور کارکنوں میں معمولی لڑائی جھگڑے ہوئے جس سے ماحول کشیدہ رہا اور ڈی سی او بھکر کے احکامات پر فوری طور پر جس پولنگ سٹیشن پر بھی ماحول کشیدہ ہوا وہاں پر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات اپنے کنٹرول میں کرلئے۔ رینجرز اور پولیس کے دستوں نے حلقہ میں اپنا گشت جاری رکھا۔ لڑائی جھگڑوں کے واقعات نیازی اور نوانی گروپ کے کارکنوں میں ہوئے۔ عوامی تحریک کے کارکنوں نے الزام عائد کیا سابق ایم پی اے سعید اکبرخان نوانی نے مسیتاں والا پولنگ سٹیشن پر کھلم کھلا دھاندلی کی۔ انہوں نے تھانہ دلے والا میں درخواست دینے کا اعلان کیا لیکن کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود باضابطہ طور پر ایس ایچ او دلے والا کو کوئی درخواست نہیں دی گئی۔ 7 امیدواروں میں سے 4 امیدوار احمد نواز خان نوانی اور انعام اللہ خان نیازی، ارشد فقیر، حافظ الحاج شہزاد چودھری ووٹ کاسٹ نہ کر سکے۔