شارجہ(آئی این پی) آخری میچ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے پاکستانی باﺅلروں کا مار مار کر بھرکس نکال دیا ، پہلی اننگز میں پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کو یقینی شکست کا سامنا ، نیوزی لینڈ کی ٹیم کسی ٹیسٹ اننگز میں 19 چھکے لگانے والی پہلی ٹیم بن گئی ، نیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ رنز کا نیا ریکارڈ ، نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکولم نے صرف 188 گیندوں پر 202 رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی تیز ترین ڈبل سنچری بنا ڈالی ، نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے اپنی جارحانہ بلے بازی سے ایک دن کے کھیل میں 390 رنز بنا ڈالے ، تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر نیوزی لینڈ کے 8 وکٹوں پر 639 رنز ، پاکستان پر 286 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ۔ حفیظ کے بعد نیوزی لینڈ کے بلے باز ویلیم سن بھی اپنی ڈبل سنچری مکمل نہ کرسکے ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ایک وکٹ پر 249 رنز سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی ۔ کپتان برینڈن میکولم نے 153‘ اورکین ولیم سن نے 76 رنز سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کیں ۔ دونوں بلے بازوں نے پاکستانی باﺅلروں کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کی بھرپور دھنائی شروع کردی بالخصوص میکولم کے ” لاٹھی چارج “ سے کوئی پاکستانی باﺅلر نہ بچ سکا ۔ میکولم نے صرف 188 گیندوں پر 11 چھکوں اور 21چوکوں کی مدد سے 202 رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی تیز ترین ڈبل سنچری بنا ڈالی ۔ تیز ترین ڈبل سنچری کا اعزاز نیوزی لینڈ کے ہی نیتن ایسٹل کو حاصل ہے ۔ میکولم 348 کے سکور پر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے اس کے بعد راس ٹیلر اور ویلیم سن نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 116 رنز کا اضافہ کرکے سکور کو 464 تک پہنچا دیا اس موقع پر ٹیلر 50 رنز بنا کر یاسر شاہ کا نشانہ بن گئے ، اس کے بعد ویلیم سن بھی نروس ہوکر 192 کے سکور پر راحت علی کی گیند پر آﺅٹ ہوئے ۔ وہ ڈبل سنچری نہ بنا سکے ۔ محمد حفیظ بھی 197 رنز پر آﺅٹ ہوگئے تھے ۔ نیوزی لینڈ کی 5ویں وکٹ 528 پر گری جب ویٹوری 15 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ 537 پر اینڈرسن 50 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے اور 546 پر واٹلنگ 8 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے تو لگتا تھا کہ پوری ٹیم 570 کے اندر آﺅٹ ہوجائیگی۔ ٹم ساﺅتھی اور کریگ نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 109 رنز بنا ڈالے ۔ کھیل ختم ہونے سے تھوڑی دیر پہلے ٹم ساﺅتھی اپنی ففٹی مکمل کرکے آﺅٹ ہوئے جبکہ کریگ 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ۔ پاکستان کی طرف سے راحت علی نے 4 ، یاسر شاہ نے 3 جبکہ حفیظ نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا ۔ نیوزی لینڈ (آج) اتوار کو چوتھے روز بھی اپنی پہلی اننگز جاری رکھے گی اور لگتا یہی ہے کہ وہ 300 سے زائد کی برتری حاصل کر لے گی ۔ پاکستانی ٹیم کی پہلی اننگز کی کارکردگی اور چوتھی اننگز میں پاکستانی بلے بازوں کے ماضی کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے نظر آتا ہے کہ کوئی معجزہ ہی پاکستانی ٹیم کو یقینی شکست سے بچا کر میچ کو ڈرا کی طرف لے جا سکتا ہے۔
شارجہ ٹیسٹ : برینڈن میکولم کی ڈبل‘ ولیم سن کی سنچری‘ نیوزی لینڈ کے آٹھ وکٹوں پر 637 رنز
Nov 30, 2014