کرپشن میں ملوث چھوٹی بڑی مچھلیوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے، ڈی جی نیب پنجاب سب کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔تمام بلندوبانگ دعوئوں کے باوجود ہنوز نیب کی کارکردگی این ار او سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ روزانہ اربوں روپوں کی کرپشن کے باوجود بڑی مچھلی تو کجا کسی چھوٹی مچھلی تک کو سزا نہیں ہو سکی۔ نوٹوں سے بھرے جہاز سے لے کر ڈالروں سے بھرے بیگ کے کیسز ابھی سماعت کے منتظر ہیں۔ چند افراد پر کراچی میں ہاتھ ڈالا گیا تو وہ بھی رینجرز نے مگر دوسرے کسی شہر میں صوبے میں نیب والے ابھی تک خاموش بیٹھے شاید کسی کے احکامات کے منتظر ہیں ان حالات میں عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں بڑی مچھلیوں پرکب ہاتھ ڈالا جائے گا۔ اب یہ نیب کا فرض ہے کہ وہ بلاتفریق پورے ملک میں تمام چھوٹی اور بڑی مچھلیوں کے خلاف ایسی کارروائی کرے جو لوگوں کو بھی نظر آئے۔ لین دین کر کے چھوڑنے کی بجائے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے تمام عناصر کووصولیوں کیساتھ کڑی سے کڑی سزا بھی دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسا کرنے کی جرأت نہ ہو ورنہ کرپشن گھن کی طرح ہمارے معاشرے کو کھوکھلا کرتی رہے گی ۔ جس کانتیجہ ہم سب جانتے ہیں۔