کراچی (سٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے زیراہتمام چیئرمین آفاق احمد کی قیادت میں انتخابی ریلی ڈیفنس سے لانڈھی تک نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء سے آفاق احمد نے سنگر چورنگی ،کورنگی پانچ ، جی ایریا، کورنگی چھ ، لانڈھی چھ، لانڈھی ساڑھے پانچ، چراغ ہوٹل، بابر مارکیٹ، عارضی بیت الحمزہ و دیگر مقامات پر خطاب کیا ۔ ریلی جب لانڈھی اور کورنگی کے علاقوں میں پہنچی تو شرکاء نے آفاق احمد پر پھولوں کی بارش کی۔ آفاق احمد نے کہا عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنے حقوق کے حصول کیلئے 5 دسمبر کو موم بتی پر نشان لگائیں۔ آفاق احمد نے لانڈھی کے عوام کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ لانڈھی کے عوام نے مہاجر کاز کیلئے زبردست قربانیاں دی ہیں جن کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ انھوں نے کہا کہ مہاجر قوم کو دہشت گردی کی لعنت کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کرنا ہوگا۔