لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب میاں عطاءمحمد ماینکا نے دربار حضرت سید علی بن عثمان الہجویری ؒ پر کام کرنے والے ورک چارج ملازمین کو ریگولر کرنے کا کیس از سر نو ایوان وزیر اعلی بھجوانے، ان کی ماہانہ تنخواہوں میں صوبائی حکومت کی شرح کے تناسب سے اضافہ کرنے ، داتا گنج بخش علی ہجویری ؒکے سالانہ عرس کے موقع پر جاری کی جانے والی 90لاکھ روپے عرس گرانٹ کے اخراجات کاہر صورت شفاف آڈٹ کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل (منگل )سے شروع ہونے والے 972ویں عرس میں شریک ہونے والے زائرین کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری نیئر اقبال، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امورڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر نور محمداعوان، ایگزیکٹو آفیسرحاجی محمد یوسف، منیجر شیخ محمد جمیل،ایس ڈی او اظہر زیدی و دیگر بھی موجود تھے۔