ٹوم پرائس سیکرٹری صحت نامزد، ٹرمپ کے بچے بھی ٹرانزیشن ٹیم کا حصہ ہونگے: امریکی میڈیا

Nov 30, 2016

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ + اے ایف پی) امریکی میڈیا کے مطابق نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بچے ٹرانزیشن ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ ٹرانزیشن ٹیم فیصلہ کر رہی ہے۔ ٹرمپ کی انتظامیہ میں کون کون ہو گا۔ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا نے اپنے والد کے سیاسی معاملات میںمداخلت کی ہے۔ ترکی، جاپان، ارجنٹائن کے سربراہوں سے رابطوں میں ٹرمپ کی بیٹی بھی پیش پیش رہی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ صدارت سنبھالنے میں بیٹی بھی ٹرمپ آرگنائزیشن کا حصہ ہو گی۔ دریں اثنا نومنتخب صدر ٹرمپ نے اوباما ہیلتھ کیئر کے بڑے نقاد ٹوم پرائس کو سیکرٹری صحت نامزد کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا جارجیا سے رکن کانگریس اور سابق آرتھوپیڈک سرجن ٹوم پرائس اوباما ہیلتھ کیئر کو تبدیل کرکے اس کی جگہ قابل برداشت اور ہر امریکی کی رسائی میں آنیوالے ہیلتھ کیئر کو لانے کے حوالے سے غیرمعمولی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پرائس نے اپنے بیان میں کہا ایسے ہیلتھ کیئر سسٹم جومریضوں، خاندانوں اور ڈاکٹروں کیلئے کام کرتا ہو لانے کیلئے بڑا کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ ایسا سسٹم ہو جو بیماری کو روکنے اور علاج کرنے کے حوالے سے دنی کی رہنمائی کرے اور جو ملک کی خوشحالی کے تحفظ کیلئے قابل فہم ضوابط کی بنیاد پر بنایا جائے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے سینٹ میں اقلیتی رہنما چارلس شومر نے کہا ٹوم پرائس امریکیوں کی خواہش کے برعکس ثابت ہونگے۔ ان کا ہیلتھ کیئر سسٹم بھیڑوں کی رکھوالی بھیڑیئے کے حوالے کے مترادف ہو گا۔ دریں اثنا انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پر وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنیسٹ نے بریفنگ میں کہا کہ ٹرمپ نے اپنے الزامات کے جواب میں کسی قسم کے شواہد اور ثبوت پیش نہیں کیے۔ جوش ارنیسٹ نے کہاوہ کیوبا کے فیدل کاسترو کے انتقال کے باوجود امریکہ اور کیوبا کے درمیان تعلقات کی بحالی کا عمل سست نہیں پڑے گا ۔تاہم صدر اوباما آنجہانی رہنما کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کریں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر جیسن ملر نے کہا ڈونلڈ ٹرمپ کیوبا حکومت سے کیوبا کی عوام اور امریکہ کی عوام جنھیں بے وقوف بنایا گیا ہے، ان کے لئے اچھی شرائط طلب کر رہے ہیں وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ کیوبا کے ساتھ تعلقات کی بحالی امریکہ کے مفاد ہے اسے ختم کرنے سے کیوبا کے عوام کے معاشی مسائل میں اضافہ ہو گا۔ریاست مشی گن نے بھی ٹرمپ کو کامیاب قرار دے دیا ۔ الیکشن حکام کا کہنا ہے کہ مشی گن میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ہلیری کلنٹن پر دس ہزارسے زائد ووٹوں کی برتری ملی۔ اس طرح ٹرمپ نے مشی گن کے سولہ الیکٹورل ووٹ بھی حاصل کر لیے۔ان کے الیکٹورل ووٹوں کی مجموعی تعداد اب تین سو چھ ہو گئی۔ دریں اثنا ذرائع کے مطابق ٹرمپ سابق لیبر سیکرٹری الائینوکاڈ کو ٹرانسپورٹیشن سیکرٹری بنانے پر غور کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں