اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سرتاج عزیز، ہارٹ آف ایشیاءکانفرنس کے موقع پر امرتسر میں بھارتی میڈیا سے مکمل اجتناب کریں گے اور کانفرنس کے اختتام پر سیکرٹری خارجہ میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا کی طرف سے سرتاج عزیز کے انٹرویو کیلئے لا تعداد درخواستیں موصول ہوئی ہیں لیکن طے یہی ہے کہ مشیر خارجہ کوئی انٹرویو نہیں دیں گے کیونکہ بھارتی ذرائع ابلاغ پاکستانی قائدین کے انٹرویوز کو توڑ موڑ کر پیش کرنے کے ماہر ہیں اور پاک بھارت تعلقات کے اس نازک موڑ پر بھارتی ذرائع ابلاغ کو ایسا کوئی موقع فراہم کرنا مناسب نہیں ہو گا۔ ہارٹ آف ایشیاءکانفرنس مین پاکستان کے کردار اور افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں سیکرٹری خارجہ، کانفرنس کی کوریج کرنے والے میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔ خیال ہے کہ سرتاج عزیز اتوار کی صبح بھارت جائیں گے اور اسی دن واپس آ جائیں گے۔