کوئی دہشتگرد واپس نہیں آنے دیں گے، کامیابیوں سے آگے پیشرفت جاری رہے گی: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے فارمیشن کا پہلا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور اور شمالی وزیر ایجنسی کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کو خیبر پی کے میں سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی آر ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔ اب تک حاصل کامیابیوں سے آگے پیشرفت جاری رہے گی۔ کسی دہشت گرد کو واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اندرونی، بیرونی خطرات سے پاکستان کا دفاع، سلامتی اولین مقصد رہے گا۔ عارضی بے دخل افراد کی مقررہ وقت میں واپسی ہونی چاہیے۔ بہتر رابطے کیلئے پاکستان افغان بارڈر پر فرنٹیئر کور کے نئے ونگز بنائیں گے۔ دریں اثنا جنرل قمر جاوید باجوہ بطور آرمی چیف پہلی بار جی ایچ کیو پہنچے جہاں چاق و چوبند دستے نے آرمی چیف کو سلامی دی۔ جنرل جاوید باجوہ نے یادگار شہداءپر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ جی ایچ کیو پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے آرمی چیف کو سلامی دی جبکہ آرمی چیف نے اس موقع پر پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے معمول کے کام شروع کر دیئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن