برسبےن(سپورٹس ڈےسک ) انگلینڈ کرکٹ کے سربراہ اور سابق کرکٹر اینڈریو سٹراس نے کہا ہے کہ ان کے کھلاڑی نہ ٹھگ ہیں اور نہ ہی ٹیم میں شراب نوشی کا رواج ہے۔تاہم آسٹریلیا اور انگلینڈ میں شائع خبروں کے مطابق انھوں نے نصف شب کے بعد ایشز سیریز کے لیے آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ارکان کے باہر نکلنے پر پابندی لگا دی ہے۔یہ اقدام گذشتہ ماہ کے اواخر میں پرتھ کے ایک بار میں جونی بیئرسٹو کے کیمرون بین کرافٹ کو ٹکر مارنے کے بعد کیے گئے ہیں۔ جبکہ ستمبر میں برسٹل کے ایک نائٹ کلب کے باہر مار پیٹ کرنے کے معاملے میں انگلینڈ کے آل راو¿نڈر بین سٹوکس کے خلاف پولیس کی تفتیش جاری ہے۔سٹراس نے کہا کہ بیئرسٹو نے بین کرافٹ کو خوش آمدید کہنے کے لیے ٹکر ماری تھی کیونکہ وہ ’اپنے دوستوں کے ساتھ ایسا ہی کرتے ہیں۔‘جبکہ ہیڈ کوچ نے پیر کو بیئرسٹو کے رویے کو 'احمقانہ' قرار دیا اور ان پر آسٹریلیا کو تنقید کے لیے ’مواد‘ فراہم کرنے کا الزام لگایا۔انگلینڈ کے کھلاڑی جونی بئر سٹو پر الزام ہے کہ انھوں نے گذشتہ ماہ کیمرون بینکروفٹ کو سر سے ٹکر ماری تھی۔کرکٹ داٹ کام ڈاٹ اے یو اور دی ٹیلی گراف کی خبروں کے مطابق ای سی بی کے سربراہ سٹراس نے کہا: ’آپ رات میں باہر نکل کر کیا کرتے ہیں اس سے کسی بھی طرح ٹیم کو یا ای سی بی کو یا کرکٹ کے کھیل کو زک نہ پہنچے کہ لوگ اس پر تبصرہ کرنے لگیں۔‘انھوں نے کہا کہ ’کھلاڑیوں کو اس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور ان سے یہ پہلے بھی کہا جا چکا ہے۔‘انھوں نے کہا: ’در حقیقت وہ بالغ ہیں، سمجھدار ہیں لیکن بعض اوقات وہ اپنی عقل کا اچھی طرح استعمال نہیں کرتے۔‘انھوں نے کہا: ’یہ لوگ ٹھگ نہیں ہیں۔ وہ اچھے، ایماندار اور محنتی کرکٹر ہیں اور انھوں نے انگلینڈ کے ساتھ کھیلنے کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ انھوں نے انگلینڈ کی جرسی میں بڑے کام کیے ہیں۔ میں ان کا اخیر تک ساتھ دیتا رہوں گا کیونکہ میں انھیں جانتا ہوں۔
ان کے کھلاڑی نہ ٹھگ ہیں اور نہ ہی ٹیم میں شراب نوشی کا رواج ہے اینڈریو سٹراس
Nov 30, 2017