پی ٹی آئی نے لاہور کیلئے امیدوار فائنل کرلئے‘ پرانے ’’کھلاڑیوں‘‘ میں سے 6تبدیل

لاہور (معین اظہر سے) تحریک انصاف نے لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقوں کے لئے اپنے حتمی امیدوار فائنل کر لئے ہیں۔ لاہور کی 13 سیٹوں پر 2013ء کے 6 امیدوار تبدیل کردئیے گئے ہیں اور علامہ اقبال کے پوتے ولید اقبال کو حمزہ شہباز شریف کی سیٹ این اے 119 پر الیکشن لڑنے کے لئے گرین سگنل دے دیا گیا۔ عمران خان بھی این اے 125 سے الیکشن لڑیں گے۔ 2013 کے الیکشن میں خواجہ سعد رفیق نے مسلم لیگ ن کی طرف اس حلقہ سے الیکشن میں حصہ لیا تھا جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار حامد خان تھے۔ آئندہ الیکشن شیڈول سے قبل ہی پی ٹی آئی نے لاہور شہر میں اپنے امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی ہے اور امیدوار اپنے حلقوں میں عوامی رابطہ مہم شروع کر رہے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق این اے 118 سے چوہدری محمد سرور سابق گورنر پنجاب کا نام فائنل کیا گیا ہے اس وقت ملک ریاض ملک اس حلقہ سے مسلم لیگ کے ایم این اے ہیں یہ حلقہ زیادہ تر ارائیں برادری پر مشتمل ہے۔ مسلم لیگ کے ایم این اے حمزہ شہباز کے مقابلے میں محمد مدنی پی ٹی آئی کے امیدوار تھے، ولید اقبال کے قریبی رشتہ دار بھی اس حلقہ میں بااثر حیثیت میں ہیں اسلئے ان کو ٹکٹ دیا جارہا ہے۔ این اے 120 میں اگلے الیکشن کے لئے بھی ڈاکٹر یاسمین راشد کو ٹکٹ دیا جارہا ہے ۔ اس حلقہ سے 2013 میں نواز شریف منتخب ہو ئے تھے تاہم ضمنی الیکشن کلثوم نواز نے الیکشن جیتا ہے۔ این اے 121 میں سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کے بیٹے حماد اظہر امیدوار ہونگے ان کو 2013 کے الیکشن میں مہر اشتیاق احمد سے شکست ہوئی تھی۔ این اے 122 سے علیم خان کو ٹکٹ دیا جارہا ہے اس حلقہ میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق عمران خان کے مقابلے میں منتخب ہوئے پھر ضمنی الیکشن علیم خان سے جیتا۔ این اے 123 کی سیٹ پر دو نوشین حامد اور میاں عمر حیات مرحوم کے چھوٹے بھائی میاں اظہر کے بارے میں فیصلہ چیئرمین کریں گے۔ اس حلقہ میں 2013 کے الیکشن میں پی ٹی ائی کے امیدوار عاطف چوہدری تھے جبکہ مسلم لیگ ن کی طرف سے پرویز ملک منتخب ہوئے تھے۔ این اے 124 میں آجکل مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے لیڈر کے بھائی کو پی ٹی آئی میں شامل کرکے اس حلقہ سے ٹکٹ دیا جائے گا۔ جبکہ ان کے کورنگ امیدوار جمشید چیمہ ہونگے۔ 2013 کے الیکشن میں اس سیٹ پر ولید اقبال نے مسلم لیگ کے شیخ روحیل اصغر کا مقابلہ کیا تھا۔ این اے 125 سے وفاقی وزیر کا کیس سپریم کورٹ میں پینڈنگ ہے۔ این اے 126 میں شفقت محمود جو موجودہ ایم این اے ہیں ہی پی ٹی آئی کے امیدوار ہونگے تاہم مسلم لیگ ن کے خواجہ احمد حسان گزشتہ الیکشن میں ان سے ہارے تھے۔ این اے 127 میں اعجاز چوہدری پی ٹی آئی کے امیدوار ہونگے تاہم 2013 کے الیکشن میں اس حلقہ میں پی ٹی آئی کے امیدوار نصراللہ مغل تھے جبکہ مسلم لیگ ن کے وحید عالم خان منتخب ہو ئے تھے تاہم اگر عوامی تحریک سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگی تو اعجاز چوہدری ایم پی اے کی سیٹ پر چلے جائیں گے۔ این اے 128 سے کرامت کھوکھر پی ٹی آئی کے امیدوار ہونگے۔ این اے 129سے منشاء سندھو امیدوار ہونگے جبکہ اس حلقہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گزشتہ الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی۔ این اے 130 میں اعجاز ڈیال پی ٹی آئی کے امیدوار ہونگے ۔ 

ای پیپر دی نیشن