لاہور ( سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کا سارا وقت حکومت بچانے میں لگ رہا ہے۔ عوام کو ریلیف دینے اور ملک کو ترقی دینے کا کوئی منصوبہ کسی کے پاس نہیں۔ امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہو رہا ہے، مڈل طبقہ ختم ہورہا ہے۔ ملک میں مضبوط جمہوریت کے لیے سب کا بے لاگ احتساب ناگزیر ہے۔ پاکستان میں جمہوریت ان سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے گرد گھومتی ہے جن کا مقصد محض دولت سمیٹنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت میں اکثروبیشتر ڈرگ، شوگر اور لینڈ مافیا سے تعلق رکھتے ہیں ۔ جمہوریت اور سیاست امرا کے گھروں کی لونڈی بن چکی ہے۔ انتخابات میں کروڑوں اربوں خرچ کرنے والے اقتدار کے ایوانوں میں عوام کی نمائندگی کے لیے نہیں قومی دولت پر ہاتھ صاف کرنے اور انتخابات میں خرچ کی گئی دولت سے سینکڑوں گنا زیادہ وصول کرنے کے لیے پہنچتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک فلاحی پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ لوٹ کھسوٹ کا تمام مال اور غیر قانونی طریقے سے بنائی گئی جائیدادیں بحق سرکار ضبط کر کے انہیں قومی بیت المال میں جمع کیا جائے۔ اسٹیٹس کو کی قوتوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے مظلوموں کو متحد ہونا پڑے گا اور اپنے ووٹ کی طاقت سے انہیں اقتدار کے ایوانوں سے نکال کر جیلوں تک پہنچانا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہمیشہ بیرونی طاقتیں اثر انداز ہوتی ہیں اور جب بھی ان کے من پسند گھوڑے میدان سے آئوٹ ہونے لگتے ہیں وہ دوسرے گھوڑوں کو لے آتی ہیں۔
جمہوریت امرا کے گھروں کی لونڈی بن چکی، سب کا احتساب ہونا چاہئے : سراج الحق
Nov 30, 2017