عید میلاد النبیؐ کل مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منائی جائیگی

Nov 30, 2017

لاہور (این این آئی) ملک بھر میں عید میلادالنبیؐ کل( جمعہ)12ربیع الاول کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اس دن کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے ۔ عید میلاد النبی ؐ کے سلسلہ میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں ،قصبوں میں سیرت النبیؐ کانفرنسزکا انعقاد کیا جائیگا جس میں آپ ؐ کی سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالی جائے گی جبکہ ہزاروں مقامات پر محافل منعقد کی جائیں گی جن میں معروف نعت خواں ہدیہ نعت پیش کریں گے۔ عید میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے جس میں شرکاء سارے راستے درود پاک پڑھیں گے‘ ملک بھر میں مساجد،گھروں،گلیوں اور بازاروں کو خصوصی طور پر جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ مساجد اور سرکاری ، نجی عمارتوں پر دیدہ زیب چراغاں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

مزیدخبریں