کمزور قیادت کی وجہ سے ایف پی سی سی آئی حکومت سے تاجروں کی مشکلات ‘ مسائل اور ریفنڈ جےسے مسائل کے حل میں ناکام ہو چکی ہے چیئرمین بزنس مین پینل پاکستان

کراچی(کامرس رپورٹر) چیئرمین بزنس مین پینل پاکستان میاں انجم نثار، چیئرمین بزنسمین پینل پنجاب خواجہ شاہزیب اکرم اور پینل کے ترجمان احمد جواد نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے فیڈریشن کے برسر اقتدار گروپ (یوبی جی)نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کچھ بھی نہیں کیا۔ ایف پی سی سی آئی کا کردار ختم ہو کر رہ گیا ہے اور کمزور قیادت کی وجہ سے ایف پی سی سی آئی حکومت سے تاجروں کی مشکلات ‘ مسائل اور ریفنڈ جےسے مسائل کے حل میں ناکام ہو چکی ہے۔ بزنس کمیونٹی کی وکالت نہ ہونے کی وجہ سے ایف پی سی سی آئی تاجر برادری میں اپنا مقام کھو چکی ہے۔ یو بی جی قیادت بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کےلئے قطعاً سنجیدہ نہیں ہے۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو اتحاد و اتفاق کےساتھ مل کر تمام مسائل کے حل کےلئے بزنس مین پینل کے پلیٹ فارم سے کوششیں کرنا ہونگی۔ آج یہاں مرکزی آفس لاہور سے بزنسمین پینل کے عہدیداران نے تاجروں کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنے مسائل کے حل کےلئے متحد ہو کر مضبوط قیادت کو منتخب نہیں کرینگے تو نہ ایف پی سی سی آئی کا وقار بحال ہو سکے گا اور نہ ہی بزنس کمیونٹی کے مسائل حل ہونگے۔ ایف بی آر سے ملاقاتوں، بے معنی لنچز اور ڈنرز کا اہتمام اور بے مقصد تقریبات نے فیڈریشن کے رول کو دھندلا کر دیا ہے اور بزنس کمیونٹی کی ایڈووکیسی کی بجائے حکومتی چاپلوسی کی جاتی رہی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت بن سکتا ہے۔ اس سلسلے میں فیڈریشن نے صنعت و تجارت کی نمائندہ تنظیم کا فعال کردار ادا کرنا تھا جو نہیں کیا گیا۔ امسال انتخابات 2018 کے لئے بزنسمین پینل اور پاکستان بزنس گروپ نے سینیٹر حاجی غلام علی کو صدارتی امیدوار نامزد کر کے بزنس کمیونٹی کے حق میں بہترین فیصلہ کیا ہے جبکہ یوبی جی نے خیبر پختونخواہ سے ایک شکست خوردہ صدارتی امیدوار کھڑا کر کے بزنس کمیونٹی کو شرمسار کر دیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بزنسمین پینل اور پاکستان بزنس گروپ کی قیادت نے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار امیدواران کو نامزد کیا ہے جنھیں ملک بھر میں پزیرائی حاصل ہے۔

ای پیپر دی نیشن