لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں عید میلاد النبیؐ کے حوالے سے تقریبات کے انتظامات اور امن عامہ کیلئے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا- اور پنجاب بھر میں عید میلاد النبیؐکی تقریبات کو سرکاری طورپر بھرپور اور شاندار طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت مذہبی خوش و خروش اور عقیدت و احترام سے عید میلاد النبیؐ کی تقریبات منائے گی اور پنجاب کے ہر ضلع میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا- وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عید میلاد النبیؐکے موقع پر پورے صوبے میں شاندار پروگرام ترتیب دیئے جائیں۔ مساجد، مزاروں اور عمارتوں میں چراغاں کیا جائے اور بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں- وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گلیوں اور بازاروں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں پنجاب بھر میں نعت رسول مقبولؐ ،قرات اور سیرت النبیؐ پر مقالوں کے مقابلے کرائے جائیں گے اور مقابلے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو انعامات دئیے جائیں گے- محافل میلاد اور جلوسوں کے شرکاء کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے قانون نافذ کرنیوالے ادارے پوری طرح چوکس رہیں کیونکہ عوام کے جان ومال کے تحفظ اور قیام امن سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیںہوسکتی - نبی پاک ؐ کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں-حضور پاکؐ نے اپنے کردار اور سیرت سے ایک انقلاب برپا کیا- امن ،بھائی چارے ،قومی یکجہتی ، یگانگت اور اتحاد کا پیغام عام کرنا ہے اور آج بھی ہمیں انہی سنہری اصولوں پر چلنے کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں محمد شہبازشریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ہماری آن اور شان ہے اور اسے ہم نے مل کر توانا اور خوشحال بنانا ہے۔ پاکستان ہماری شناخت ہے اور ہم نے اپنی اس شناخت کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہے اور یہ منزل باہمی اتحاد سے ہی حاصل کی جاسکتی ہے۔ نفاق اور اختلافات سے قومیں اور معاشرے آگے نہیں بڑھتے۔ ملک کسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا کیونکہ محاذ آرائی ملک کیلئے نقصان دہ بھی ہے اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ بھی۔ نفاق اورانتشار سے قومی وحدت کو نقصان پہنچتا ہے اور ملک ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتا ہے، اس لئے وقت کا تقاضا ہے کہ پوری قوم اتحاد کی قوت سے آگے بڑھے اور پاکستان کو صحیح معنوں میں قائد اور اقبال کا پاکستان بنانے کے لئے مل کر کام کیا جائے۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی سے بڑھ کر اور کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو ترقی کی منزل سے ہمکنار کرنے کے لئے انتھک محنت اور جدوجہد کی ہے۔ ہم تمام تر توانائیاں ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے صرف کر رہے ہیں۔ صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بے مثال اقدامات کئے ہیں۔ عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر سہولتوں کی بہتری کے لئے ہرممکن اقدامات کئے گئے ہیں اور ان شعبوں میں مکمل کئے گئے بڑے منصوبوں کو عوام کو سہولتیں اور ریلیف ملا ہے۔ حکومت کے بے مثال فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔