سردار نسیم خان کا شہر کا دورہ ، بارہ ربیع الاول کے جلوس کے روٹس اور صفائی کا جائزہ لیا

راولپنڈی (نیوزرپورٹر)میلاد النبیؐ کے حوالے سے چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میئر راولپنڈی سردار نسیم خان نے شہر کا دورہ کر کے بارہ ربیع الاول کے جلوس کے روٹس اور شہر کی صفائی کا جائزہ لیا،ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر رضوان علی شیر دل،سیکٹرز انچارجز ودیگر اعلیٰ افسران انکے ہمراہ تھے ،اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سردارنسیم نے کہا کہ اس مبارک دن شہر کی صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، سخت مانیٹرنگ کی جائے،کوئی کوتاہی اور سستی قابل قبول نہیں،شہر بھر میں محافل کا انعقاد ہو گا،جلوس ہونگے ،گلیوں ،بازاروں کو صاف ستھرا رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔سینئر مینیجر آپریشنز آر ڈبلیوایم سی ڈاکٹر حامد اقبال نے بتا یا کہ 12ربیع الاول کے مرکزی جلوس کے روٹس راجہ بازار،سرکلر روڈ،کوہاٹی بازار،جامع مسجد روڈ،اقبال روڈ،فوارہ چوک،کمیٹی چوک،مری روڈاور شہر میں بہترین صفائی یقینی بنائی گئی ہے صفائی کے عملے کی اضافی نفری تعینات کر کے خصوصی ڈیوٹیاں لگادی ہیں اور انکی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا صفائی کے حوالے سے کوئی کوتاہی و غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ جلوسوں کے روٹس کو خصوصی طور پر صاف کیا جارہا ہے۔ 12ربیع الاول کے موقع پر راولپنڈی ایک صاف ستھرا شہر نظر آئیگا،راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز شہر کی گلیوں ،بازاروں ،سڑکوں اور قبرستانوں کی بھرپور طریقے سے صفائی کرنے میں مصروف عمل ہیں،اضافی صفائی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے جو جلوس کے روٹس کی صفائی کے کام کو سنبھالے ہوئے ہے۔ گلیوں ،بازاروں اور سڑکوں کو دھونے کیساتھ ساتھ شہر میں موجود کوڑا دانوں کو ہنگامی بنیادوں پر صاف کر دیا گیا،محافل میلاد کی جگہوں پر پانی ،عرق گلاب کا چھڑکائو اور چونا بھی ڈالا جارہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن