کراچی(نیوزرپورٹر ) ایسانیاپاکستان منظورنہیں جس میں لاالٰہ الااللہ کی بنیادوں کو منہدم کردیاجائے ،حکمران بتائیں کہ حالیہ دنوں میں جن علمائے کرام اورکارکنان کے خلاف کریک ڈائون ہواہے ان کا حقیقی قصورکیاہے،ملک کی اکثریت کو بندگلی کی طرف نہ دھکیلاجائے،تحفظ ناموس رسالت وختم نبوت ہر کلمہ گوکی ذمہ داری ہے اور یہ تحریک جاری رہے گی،گرفتاریوں اور تشددکے ذریعے ہمیں اس راہ سے نہیں ہٹایاجاسکتا۔ یہ باتیں جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے نومنتخب صدر علامہ سید عقیل انجم قادری نے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے ملک میں علمائے کرام اور کارکنان اہلسنّت کی گرفتاریوں پر مذمت کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف نے اپنے پہلے سودنوں میں صرف قادیانیت اور گستاخان رسالت کو خوش کیاہے، جمعیت علمائے پاکستان اسلامی جمہوریہ پاکستان کو سیکولرریاست ہرگزنہیں بننے دے گی،ہم تمام محب وطن اور دینی وسیاسی جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ مل کر اس مسئلے پر متفقہ لائحہء عمل تیارکریں۔علامہ سید عقیل انجم قادری نے مطالبہ کیاکہ حکومت فی الفور اسیران ناموس رسالت کو رہاکرے ،ہمیں حکومتی آمرانہ اقدمات قبول نہیں، عمران خان ایسے اقدامات سے گریز کریں جوانہیں تنہاکردیںویسے بھی ان کا قتدارشاخِ نازک پر ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ ناموس رسالت اور ختم نبوت پر کوئی مفاہمت نہیں ہوسکتی۔