فاشسٹ‘ آمرانہ سوچ کیساتھ عمران مسخروں کی طرح حکومت چلا رہے ہیں: خواجہ سلمان

Nov 30, 2019

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان مسخروں کے انداز پر حکومت چلا رہے ہیں، ان کی سوچ آمرانہ اور فاشسٹ ہے،کشمیری کئی ماہ سے پابند سلاسل ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ عمران خان کی وجہ سے ہم انتقامی کارروائیوں کا شکار ہیں، جب ہم عدالت میں جاتے ہیں تو ہمارے ارکان اسمبلی کو روکا جاتا ہے پولیس کی جانب سے تشدد کیا جاتا ہے۔ عمران خان کی حکومت میں میڈیا کو بھی کوریج کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک اوپن کورٹ میں کرفیو کا نظام بنا دیا گیا ہے۔ پورا پنجاب حکومت کی گورننس کو رو رہا ہے۔ ن لیگ کے رکن اسمبلی توفیق بٹ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ایس پی نے اشارہ کیا جس کی وجہ سے مجھے عدالت میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ حکمران اس حد تک گر چکے ہیں کہ اسمبلی کے فلور پر بھی بدلہ لینے کی بات کرتے ہیں۔ ہم سب نے واک آئوٹ کیا، حکومت حقائق کا سامنا کرنے کو تیار نہیں، حکومت نے اپنی ناکامی چھپانے کے لئے اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا۔

مزیدخبریں