اوکاڑہ:پاک فوج کے شہید جوان حمزہ ارشد فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک

Nov 30, 2020

رینالہ خورد، اوکاڑہ(نامہ نگار، نمائندہ خصوصی) اوکاڑہ کے سپوت پارک آرمی کے جوان نے ملک وقوم کی خاطر اپنی جان کانذرانہ دے کرجام شہادت نوش کرلیا۔ شہید نے ڈیڑھ سال قبل پاک آرمی جوائن کی تھی۔ آبائی گائوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ اوکاڑہ کے گائوں 4/1RAکے 22سالہ نوجوان حمزہ ارشد نے ڈیڑھ سال قبل پارک آرمی کو جوائن کیا جو افغان باڈر پر ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے افغان باڈر پراپنے فرائض سرانجام دے رہا تھا جہاں وہ شرپسند ملک دشمنوں کی گولی کا نشانہ بن کر شہید ہوگیا۔ جسد خاکی کو اس کے آبائی گائوں چک نمبر4/1RAمیں پہنچایا گیا، جہاں شہید کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیاگیا۔ نماز جنازہ میں فوجی افسران، اہلکار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ آس پاس کے دیہاتوں سے بھی کثیر تعداد میں لوگ آئے۔ مگر کرونا وباء کے پیش نظر شہید کی نماز جنازہ میں ایس او پیز کو بھی مدنظر رکھاگیا۔ شہید ہونے والے کے اہل خانہ کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو دیکھے گئے جن کاکہنا تھاکہ انہیں فخر ہے کہ ان کا بیٹا ملک وقوم کی خاطر شہید ہوا۔

مزیدخبریں