حکومت کو جلسوں کی اجازت، ایک ملک میں دو قانون نہیں چلنے دیں گے: مریم اورنگزیب

Nov 30, 2020

اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے عہدیداروں اور کارکنا ن کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا  ہے کہ عمران صاحب کی لاٹھی، گولی، گالی کی سرکار نہیں چلے گی۔ اپوزیشن کے لئے جیل، جھوٹے پرچے، لاٹھیاں اور گرفتاریاںہیں، حکومت کو ہر جگہ جلسوں کی آزادی ہے،ایک ملک میں دو قانون نہیں چلیں گے۔عمران صاحب کی فسطائیت کے جانے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔اتوار کو اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کیا کرونا نے حکومتی جلسوں کو این آر او دے رکھا ہے؟عمران صاحب کیا کرونا صرف اپوزیشن کے جلسوں میں آتا ہے؟سکھر میں پی ٹی آئی کی ’’کرونا فری‘‘ تقریب عمران صاحب کے ایک اور’یوٹرن‘ اور جھوٹ کا ثبوت ہے ۔اپوزیشن کے لئے جیل، جھوٹے پرچے، لاٹھیاں اور گرفتاریاںہیں، حکومت کو ہر جگہ جلسوں کی آزادی ہے،ایک ملک میں دو قانون نہیں چلیں گے۔اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہمیں ایسے ووٹ چور وزیراعظم کا سامنا ہے جو معیشت اور عوام کا روزگار تباہ وبرباد کرچکا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ پارلیمنٹ کا لاک ڈاؤن اور اظہار ِ رائے کا گلا گھونٹنے والا کس منہ سے جمہوریت کی بات کرتا ہے؟ عوام کی زندگی اجیرن کرنے والا کس منہ سے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کی بات کرتا ہے؟ دو سال ہوئے، کرونا آیا، پھر دوسری لہر آئی لیکن وزیر صحت کوئی نہیں رکھا جاسکا؟ جو شخص دو سال سے کوئی وزیر صحت نہ لاسکا، وہ کس منہ سے کرونا وبا کی بات کررہا ہے؟ آٹا چینی گیس بجلی دوائی چوری کرنے والا کس منہ سے عوام کی زندگی کی بہتری کی بات کرتا ہے؟ مریم اورنگزیب نے کہاکہ سمجھتے ہیں کہ ڈرانا ، جیلوں میں ڈالنا ، منہ پہ ہاتھ پھیر کے دھمکی دینا ، گرفتار کرنا یہی آخری حربہ ہے۔ سمجھتے ہیں کہ اس آخری حربے کے ذریعے وہ ہم پر سمجھوتے (NRO) کیلئے دباؤ ڈال سکتے ہیں مگر ہر گز ایسا نہ ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ ایک دن کی محنت کے بغیر اِن کو میسر شاہانہ طرزِ زندگی انکے اے ٹی ایمز، 23 خفیہ فارن فنڈنگ اکاؤنٹس کے تحفظ پر براہ راست منحصر ہے۔

مزیدخبریں