ملتان( سپیشل رپورٹر)مسلم لیگ ن اور پی پی پی کے کارکنوں کی گرفتاریوں پر قانونی ٹیموں نے سر جوڑ لئے ہیں۔ آج 16 ایم پی او کے تحت ہونے والی نظر بندیوں اور مختلف مقدمات میں گرفتار ہونے والے رہنماؤں اور کارکنوں کی ضمانتوں کے لئے صبح سویرے ہی وکلاء عدالتوں میں درخواستیں دائر کر دیں گے۔ تفصیل کے مطابق پولیس نے کریک ڈاؤن کر کے گزشتہ روز مختلف رہنماؤں اور کارکنوں کو مختلف علاقوں سے گرفتار کر لیا ہے۔ اتوار کی وجہ سے ان کارکنوں کی ضمانتیں ممکن نہ ہو سکی تھیں۔ جس کے بعد آج ان تمام گرفتار کارکنوں کی رہائی کیلئے قانونی ماہرین کی ایک ٹیم عدالتوں سے رجوع کرے گی۔ مسلم لیگ ن لائرز فورم اور پیپلز لائرز فورم نے گزشتہ روز پی ڈی ایم رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ جس میں گرفتار رہنماؤں کی لسٹیں ان کے حوالے کر دی گئی تھیں۔ سید قاسم گیلانی اور ڈاکٹر جاوید صدیقی کی نظر بندی کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔ اسی طرح مقدمات میں گرفتار رہنماؤں کی درخواست ضمانتیں دائر کی جائیں گی۔