پی پی کا یوم تاسیس آج، عوامی حکمرانی کیلئے فیصلہ کن جدوجہد شروع ہو چکی: زرداری‘ بلاول

Nov 30, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی/ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کا 53 واںیوم تاسیس 30 نومبر بروز سوموار کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے پیپلز پارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کے زیر اہتمام عارفوالا سمیت ملک بھر میں تقریبات انعقاد پذیر ہونگی۔ کیک کاٹے جائیںگے۔ ملک وقوم کی سلامتی اور شہداء کی روح کو ایصال ثواب پہنچانے کیلئے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ 30 نومبر 1967ء سے پیپلز پارٹی یوم تاسیس منا رہی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوام کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی کے اصول پر کسی قیمت سودا بازی نہیں کریں گے۔ عوام کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے فیصلہ کن جدوجہد شروع ہو چکی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے پر ثابت قدم ہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے عوام کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے اپنی جان کا نذرانہ دیا۔ پیپلز پارٹی کے جیالوں نے پھانسیاں قبول کیں، کوڑے برداشت کئے اور قید و بند کی صعوبتیں جھیلیں۔ سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی، اسلام ہمارا دین ہے۔ جمہوریت ہماری سیاست ہے، سوشلزم ہماری معیشت ہے۔ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور شہادت ہماری منزل ہے کے منشور پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اس سوچ کی مذاحمت کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کو مسخ کرنے کی ہر کوشش کی مزاحمت کی جائے گی۔  آصف علی زرداری نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں اور ان کے سفیر بن کر عوام تک ان کا پیغام پہنچائیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  نے پی پی پی کے یوم تاسیس پر پیغام میں کہا ہے کہ پی پی نے جمہوریت، پاکستان کی خاطر آمروں‘  دھمکیوں‘ قیدو بند اور شہادتوں کا سامنا کیا۔ پی پی ملک میں جمہوری جدوجہد کی معمار ہے۔ پی پی عوام کی مرضی کے آئین و پارلیمانی کی بالادستی کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے قاسم باغ سٹیڈیم کے باہر پارٹی کے یوم تاسیس کا کیک کاٹا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھا اور وہ ڈھول کی تھاپ پر رقص کررہے تھے۔ یوم تاسیس مناتے ہوئے قاسم باغ سٹیڈیم کے باہر آتش بازی بھی کی گئی۔

مزیدخبریں