او آئی سی اعلامیہ کشمیر کاز کی حمایت کا مظہر، دفتر خارجہ: بھارت کی یک زبان تنبیہہ کی گئی ، شاہ محمود

Nov 30, 2020

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اوآئی سی وزرا خارجہ کونسل کے  نائیجر میں  ہونیوالے سینتالیسویں اجلاس کے اختتام پرصدر مجلس نے جو ڈیکلریشن جاری کیا وہ واضح طور پر کشمیر کاز کے لئے اوآئی سی کی مسلسل حمایت کا ایک اور مظہر ہے۔ ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ڈکلریشن واضح طورپر ’’اوآئی سی کے جموں وکشمیر تنازعہ کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن حل کے اصولی موقف کا اعادہ کرتا ہے۔‘‘ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مسئلہ کشمیر پر اسلامی کانفرنس تنظیم کردار پر خاصے عرصہ سے ایک سوالیہ نشان چلا آ رہا ہے۔ نوائے رپورٹ کے مطابق او آئی سی  وزراء خارجہ کونسل نیامے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ ترجمان  دفتر خارجہ کے مطابق اعلامیہ میں مسئلہ کشمیر شامل کرنا او آئی سی کا مسئلہ کشمیر کی مستقل حمایت کا عکاس ہے۔ ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے کہا نیامے اجلاس میں بھارت کی یک زبان میں تنبیہہ کی گئی ۔ اسلامو فوبیا پر ہماری قرار داد متفقہ منظور کی گئی ،او آئی سی  کا اگلا اجلاس پاکستان میں ہو گا دریں اثنا انہوں نے نائیجر سے واپسی پر عمرہ بھی ادا کیا۔

مزیدخبریں