کرونا سے مزید 43جاں بحق، 70فیصد وائرس لاہور سمیت 5بڑے شہروں میں ہے: این سی او سی

اسلام آباد+ لاہور (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار+نیوز رپورٹر) پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 95 ہزار 185ہے۔ 3 لاکھ 39 ہزار 810 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ جو 86 فیصد ہے۔ جبکہ 7 ہزار 985 مریضوں کا انتقال ہوا ہے۔ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 829 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 43 افراد وائرس کے باعث لقمہ اجل بنے، 2 ہزار 257 مریض صحتیاب بھی ہوگئے۔ فعال کیسز 47 ہزار 390 تک جاپہنچے۔ صوبہ سندھ میں مزید ایک ہزار 389 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 71 ہزار 595 تک پہنچ گئی۔ سندھ میں مزید 14 مریض انتقال کرگئے۔ مجموعی تعداد 2 ہزار 911 ہو گئی۔ مشیر اطلاعات پنجاب فردوس عاشق کے بیان کے مطابق صوبہ پنجاب میں  613 نئے کیسز، متاثرین ایک لاکھ 18 ہزار 511 ہوگئے۔ مزید 19مریض لقمہ اجل بنے اوراموات کی تعداد 2 ہزار 979 ہوگئی۔ صوبہ خیبرپی کے میں مزید 273 افراد متاثر، متاثرین 46 ہزار 877 ہوگئے۔ صوبے میں مزید 4 مریضوں کا انتقال، تعداد ایک ہزار 359 تک جا پہنچی۔ بلوچستان میں 55 کیسز سامنے آئے۔ مجموعی 17 ہزار 101ہوگئے۔ ایک مریض انتقال کر گیا۔ اموات کی تعداد 166تک پہنچ گئی۔ اسلام آباد میں مزید 355 کیسز کی تصدیق، تعداد 29 ہزار 782ہوگئی۔ مزید 2 مریض جاں بحق بھی ہوئے، اموات 309 ہوگئیں۔ آزاد کشمیر میں 126نئے کیسز سامنے آئے، متاثرین کی تعداد 6 ہزار 682 ہوگئی۔ مزید 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ مجموعی تعداد 163 تک جا پہنچی۔ گلگت بلتستان میں 18نئے کیسز رپورٹ متاثرین 4 ہزار 637 ہوگئے۔ کسی فرد کی موت نہیں ہوئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شفایاب ہونے والوں کی مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 39 ہزار 810 ہوگئی۔ وزیر اعلی سندھ مراد شاہ کا ٹسٹ پھر پازیٹو آگیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق کرونا وائرس کا 70 فیصد پھیلاؤ ملک کے 5 بڑے شہروں میں ہے۔ اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس کی صورتحال، سمارٹ لاک ڈاؤن پرعملدرآمد، آکسیجن بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کرونا وائرس کراچی، حیدرآباد، پشاور اور راولپنڈی میں تیزی سے پھیل رہا ہے جب کہ وائرس کا 70 فیصد پھیلاؤ ملک کے 5 بڑے شہروں میں ہے جس میں راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، لاہور اور کراچی شامل ہیں۔ این سی او سی اجلاس میں بتایا گیا کہ اس ہفتے یومیہ اوسطاً 46 اموات ہوئیں اور237 مریض ہسپتالوں میں داخل ہوئے ۔ رحیم یارخان میں کرونا کے وار جاری ، سابق ممبر صوبائی اسمبلی سمیت مزید چار افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جبکہ کرونا میں مبتلا معروف ڈینٹل سرجن ڈاکٹر کامران خان انتقال کر گئے۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق سابق ممبر صوبائی اسمبلی مسلم لیگ ن کے رہنما محمد عمر جعفر سمیت مزید4 افراد میں کرونا کی تصدیق ہوگئی ۔ جن میں80 سالہ عبدالحمید ، 23 سالہ احمد مسعود اور 31 سالہ محمد سلیم شامل ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 40 ہزار 369 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 7 فیصد یعنی 2 ہزار 829 مثبت آئے تاہم ایک روز قبل ملک میں ریکارڈ تعداد یعنی 48 ہزار 223 ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں 3 ہزار 45 مثبت آئے تھے یوں کیسز کے مثبت آنے کی شرح 6.3 فیصد تک کم ہوگئی تھی۔ خیبر پی کے میں کرونا وائرس کی لہر میں تیزی کے ساتھ ہی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلیے سخت اقدامات شروع کردیئے گئے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پشاور انتظامیہ نے دس دنوں میں 10 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گزشتہ دس دنوں میں 10 لاکھ جرمانے اور 26 سو دکانوں کو بند کیا گیا۔80 کے قریب مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ کارروائیوں کا مقصد بے جا تنگ نہیں کرنا بلکہ کرونا وبا سے بچانا ہے۔ مہلک وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں 1458000ہو گئیں۔ مصدقہ کیسز 6کروڑ25لاکھ63ہزار تک پہنچ گئے ۔امریکہ ہلاکتیں 272254 ہو گئیں۔ کیسز1کروڑ36لاکھ10ہزار سے تجاوز کر گئے۔ بھارت میں ہلاکتیں 136705ہو گئیں اور متاثرین کی تعداد 93لاکھ 90 سے تجاوز کر گئی۔سعودی عرب میں مریضوں کی تعداد تین لاکھ 57 ہزر 129 ہوگئی، 14 مریض انتقال کرگئے۔ انتقال کرنے والوں کی تعداد 5884 ہوگئی۔محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر سیکرٹری محمد عثمان کے مطابق سمارٹ لاک ڈائون کا نفاذ8دسمبر تک کیا گیا ہے۔ لاہور کے 26، راولپنڈی کے 15، ملتان کے 7، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 3، میانوالی کے 2، لیہ کے 5، سرگودھا کے 4، گوجرانوالہ کے 3، فیصل آباد کے 4 علاقوؒں میں سمارٹ لاک ڈائون کا نفاذ کیا گیا ہے۔ سمارٹ لاک ڈائون والے علاقوں میں شاپنگ مالز، ریسٹورنٹ نجی و سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔ علاقہ مکینوں کی نقل و حمل محدود ہوگی۔ اجتماعات پر پابندی ہوگی ، فارمیسی، میڈیکل سٹورز، ہسپتال، کلینکس اور لیبارٹریاں کھلی رہیں گی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...