حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر نوید شہزاد مرزا کا کہنا ہے کہ حافظ آباد میں آج سے پانچ روزہ انسداد پولیو مہم شروع کی جار ہی ہے ۔مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 2لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے انتظامات مکمل ہیں والدین بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے حفاظتی قطرے ضرور پلائیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار انسداد پولیس مہم کے سلسلہ میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر رحمت اللہ ثاقب ،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر ریحان اظہر ،ڈاکٹر عابد بھٹی سمیت WHO کے نمائندے اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اجلاس میں شریک تھے ۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر پولیو کے خاتمہ کے لیے بھر پور اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ۔علمائے کرام اساتذہ ،تاجر اور ہر مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے ذمہ دار افراد کا فرض ہے کہ وہ انسداد پولیس مہم کو کامیاب بناتے ہوئے کم عمر بچوں کو عمر بھی کی معذوری سے بچائیں ۔انکا کہنا تھا کہ بچوں کے بہتر اور محفوظ مستقبل کے لیے ضروری ہے کہ پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو اس انسداد پولیو مہم میں حفاظتی قطرے ضرور پلائیں ۔
پانچ سال عمرکے 2لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے :ڈپٹی کمشنر
Nov 30, 2020