لاہور (سٹی رپورٹر) ایک طرف کرونا کی نئی لہر کا خطرہ دوسری طرف ایکسپو سنٹر کو تالے لگا کر بند کردیا گیا۔ ایکسپو انتظامیہ نے گیٹ کو تالے لگا دیے اور ویکسین کے عملہ کو بھی یرغمال بناتے ہوئے شہریوں کو بھی اندر داخلے سے روک دیا۔ دوسری طرف ضلعی انتظامیہ نے ویکسینیشن کے عمل کو روکتے ہوئے بینر آویزاں کردیے کے ویکسین ہسپتال سے لگوائیں۔ شہریوں کی بہت بڑی تعداد ایکسپو کے باہر موجود رہی اور ایکسپو ویکسین سنٹر کی بندش پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ ڈی ایم ایس ایکسپو کرونا فیڈ ہسپتال ڈاکٹر بلاول حسین کا کہنا تھا کہ ہم لوگ اندر کام کررہے ہیں مگر ایکسپو انتظامیہ نے تالا لگا دیا اور لوگوں کو اندر آنے سے روک دیا اور یہ کارروائی بغیر نوٹیفکیشن کی گئی۔ ایکسپو سنٹر کے باہر شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم لوگ دور سے آئے ہیں مگر ہمیں یہاں آکر بتایا گیا ہے کہ ایکسپو سنٹر سے ویکسین نہیں لگ سکے گی۔ سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب عمران سکندر بلوچ نے ایکسپو سنٹر لاہور ویکسی نیشن مرکز کے بند ہونے کے حوالے سے کہا ہے کہ گھر گھر ویکسی نیشن کے آغاز کے بعد ایکسپو سنٹر ویکسی نیشن مرکز کو بند کردیا گیا ہے۔
کرونا‘ ’’ویکسین ہسپتال سے لگوائیں‘‘ ایکسپو انتظامیہ نے گیٹ کو تالے لگا دئیے
Nov 30, 2021