سی این جی اسٹیشنزکو یکم دسمبر سے گیس کی فراہمی معطل رہے گی


کراچی(کامرس رپورٹر)سوئی سدرن گیس کمپنی نے کہا ہے کہ موسم سرما میں گھریلو صارفین کی اضافی طلب کو پورا کرنے کے لیے سی این جی سیکٹر کو گیس کی سپلائی معطل کی جارہی ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی ترجمان کے مطابق وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن)، حکومت پاکستان کے منظور کردہ گیس لوڈ مینجمنٹ کے ترجیحی آرڈر کے مطابق، جس میں گھریلو اور تجارتی صارفین سرفہرست ہیں اور انکو گیس کی فراہمی کے لیے، خاص طور پر بلوچستان کے صارفین کو جو پہلے سے ہی سردیوں کے موسم کا سامنا کر رہے ہیں، سندھ اور بلوچستان کے تمام سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت یکم دسمبر 2021 سے 15 فروری 2022 تک انکو گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔ یاد رہے کہ غیر برآمدی صنعتوں کے تمام کیپٹیو پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی تین روز قبل موسم سرما میں اضافی مانگ کی وجہ سے اگلے احکامات تک بند کر دی گئی تھی۔تاہم تمام عام صنعتوں، زیرو ریٹیڈ ایکسپورٹ انڈسٹریز بشمول اسکے کیپٹیو پاور پلانٹس اور فرٹیلائزر سیکٹر کو گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔ان انتظامات سے حاصل ہونے والی گیس کو گھریلو صارفین کو فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ سردیوں کے موسم کے تناظر میں اپنی گیس کے بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کر سکیں۔ واضح رہے کہ بلوچستان میں انسانی جانوں کی بقا کے لیے اضافی گیس کی فراہمی ناگزیر ہے کیونکہ گیس ان لوگوں کے لیے لائف لائن کا کام کرتی ہے جنہیں انتہائی کم درجہ حرارت میں گیس کے مختلف آلات کے ذریعے خود کو گرم رکھنے کی شدید ضرورت ہوتی ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی اس معاملے پر سی این جی سیکٹر سے اس بات کی توقع کرتی ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کے لیے اسے انکا تعاون حاصل رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن